مکہ مکرمہ، 30 مئی (یو این آئی) حج قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے والے چھ غیر ملکی کو گرفتار کر لیا گیا۔ سعودی عرب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حج قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث متعدد غیرملکیوں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے ۔حج ٹاسک فورس کے مطابق گرفتار افراد سیاحتی ویزے پر حج ادا کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں پر پکڑے گئے ۔سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ حج ضوابط پرعمل کرنا ہر ایک کیلئے ضروری ہے ، خلاف ورزی پر مقررہ سزا دی جائے گی، یہ پابندی یکم ذو القعدہ سے لے کر 14 ذو الحجہ کے اختتام تک نافذ العمل ہے ۔دوسری جانب سعودی وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ جو کوئی بھی کسی شخص کیلئے کسی بھی قسم کا وزٹ ویزا جاری کروانے کی درخواست دے اور آنے والا شخص بغیر اجازت نامے (تصریح) کے حج کرنے کی کوشش کرے یا مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات میں داخل ہو یا ان میں قیام کرے … تو درخواست دہندہ پر ایک لاکھ (100,000) ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔