حج محدود کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم: ڈبلیو ایچ او

   

جنیوا ۔ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث حج کو محدود کرنے کے سعودی حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔میڈیا کے مطابق سعودی حکومت نے عالمگیر وبا کورونا وائرس کے باعث جاریہ سال حج کو محدود کیا ہے جس کے تحت غیر ملکیوں کو حج پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ صرف ایک ہزار عازمین اس بار حج کا فریضہ ادا کریں گے۔گزشتہ برس دنیا بھر کے مختلف ممالک سے تقریباً 25 لاکھ مسلمانوں نے حج کا فریضہ انجام دیا تھا۔سعودی حکومت کے فیصلے پر رد عمل میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم کا کہنا تھا کہ کچھ ممالک نے اپنے علاقوں اور معاشی سرگرمیوں کو دوبارہ کھولنا شروع کردیا ہے ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیسے لوگوں کے بڑے مجمع کو محفوظ کیا جائے جو بہت اہم ہوگیا ہے اور خاص طور پر دنیا کے سب سے بڑے اجتماع حج کیلئے یہ بات درست ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کا فیصلہ مختلف صورتحال کے تجزیے اور خطرے کے اندازے کی بنیاد پر ہے جو وبا کو کم کرنے اور عازمین کے تحفظ کے لیے عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق ہے۔