حیدرآباد۔/30 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حج 2025 کے منتخب عازمین حج کیلئے سفری اخراجات کی پہلی قسط کے طور پر 130300 روپئے کی ادائیگی کیلئے آخری تاریخ میں 31 اکٹوبر سے 11 نومبر تک توسیع کی گئی ہے۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا نے ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکولر جاری کرتے ہوئے تاریخ میں توسیع کی اطلاع دی ہے۔ حج کمیٹیوں اور مختلف تنظیموں کی نمائندگی پر تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ منتخب عازمین حج سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے پہلی قسط ادا کریں۔ پہلی قسط کی ادائیگی کے بعد منتخب عازمین 14 نومبر تک حج اپلیکیشن فارم، سیلف ڈیکلریشن، پے اِن سلپ کی کاپی، میڈیکل اسکریننگ سرٹیفکیٹ اور انٹرنیشنل پاسپورٹ کی زیراکس متعلقہ حج کمیٹیوں کے پاس جمع کرائیں۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر نے کہا کہ مقررہ تاریخ تک پہلی قسط ادا نہ کرنے کی صورت میں عازمین حج کی نشست منسوخ کردی جائے گی اور تاریخ میں کوئی توسیع نہیں ہوگی۔1