حج کمیٹی آف انڈیا سے خسرو پاشاہ کی نمائندگی
حیدرآباد ۔11۔ اکتوبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے حج کمیٹی آف انڈیا سے نمائندگی کی ہے کہ حج 2025 کے منتخب عازمین کو حج مصارف کی پہلی قسط ادا کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کی جائے۔ صدرنشین حج کمیٹی نے کہا کہ سرکاری تعطیلات اور بینکوں کو تعطیلات کے نتیجہ میں منتخب عازمین حج کو پہلی قسط کے طور پر ایک لاکھ 30 ہزار 300 روپئے کی ادائیگی میں دشواری ہوسکتی ہے ۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے پہلی قسط کی ادائیگی کیلئے 21 اکتوبر آخری تاریخ مقرر کی ہے ۔ صدرنشین حج کمیٹی نے حج کمیٹی آف انڈیا سے درخواست کی کہ تلنگانہ حج کمیٹی کے پاس موجود بینک چالان کے ذریعہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ سے پہلی قسط کے ادخال کی سہولت فراہم کی جائے۔ عازمین حج پہلی قسط کی ادائیگی کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ یا حج سویدھا ایپ سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ پہلی قسط کی ادائیگی کے بعد عازمین حج کو درخواست فارم کی کاپی، پاسپورٹ کی زیراکس اور میڈیکل فٹنس سرٹیفکٹ ریاستی حج کمیٹی کے پاس جمع کرانا ہوگا۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے دستاویزات داخل کرنے کی آخری تاریخ 23 اکتوبر مقرر کی ہے ۔ اسی دوران اگزیکیٹیو آفیسر شیخ لیاقت حسین نے کہا کہ عازمین حج کو ٹیلیگرام ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرنا چاہئے اور ٹیلیگرام چیانل سے وابستہ ہوجائیں جس سے سفر حج کے دوران مدد ملے گی۔ حج کمیٹی آف انڈیا ٹیلیگرام چیانل کے ذریعہ حج انتظامات کی تفصیلات پیش کرتی ہے۔ حج ٹیلیگرام چیانل سے وابستہ ہونے کیلئے عازمین تلنگانہ حج کمیٹی سے فون نمبر 040-23298793 پر ربط قائم کرسکتے ہیں۔ 1