ریاض۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے بعد موجودہ حالات کے پیش نظر عمرہ اور زیارت ابھی معطل رہیں گے تاہم اس پر نظر ثانی ہوتی رہے گی۔سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق وزارت حج نے ایک بیان میں کہا کہ عالمی وبا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ماہرین غور کر رہے ہیں اور صورتحال جیسے ہی بہتر ہوگی تو اسی حوالے سے کوئی بہتر فیصلہ کیا جاسکے گا جب کہ ملک میں معطل ہونے والی معمولات زندگی اب آہستہ آہستہ بحال ہورہی ہے تاہم حج وعمرہ کی بحالی کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق 21 جون کو مکہ مکرمہ کی مساجد نمازیوں کے لیے کھول دی جائیں گی جس کے بعد احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے باجماعت نماز ادا کی جائے گی البتہ حرم مکی شریف میں موجودہ ضوابط کے تحت نماز ادا کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔