حج ویزا کے بغیر مکہ مکرمہ میں داخلہ ممنوع

   

مکہ مکرمہ : منگل کے روز سے تمام اقسام کا ویزا رکھنے والے افراد پر مکہ مکرمہ میں داخلے یا وہاں قیام پر پابندی کا فیصلہ نافذ العمل ہو گیا ہے، البتہ حج ویزا کے حامل افراد اس فیصلے سے مستثنی ہوں گے۔ یہ فیصلہ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے پہلے سے اعلان کردہ اقدامات کے مطابق ہے، جن کا مقصد حجاج کرام کی سلامتی کو یقینی بنانا اور مناسکِ حج کو امن و اطمینان کے ساتھ ادا کرنے کی راہ ہموار کرنا ہے۔ وزارت داخلہ نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ 1446 ہجری کے حج سیزن کی تیاریوں کے سلسلے میں، اور حجاجِ کرام کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے، منگل یکم ذوالقعدہ 1446ھ بمطابق 29 اپریل 2025ء سے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے یا وہاں قیام کی اجازت صرف ان افراد کو ہو گی جن کے پاس حج ویزا ہو گا۔ وزارت نے مزید واضح کیا کہ یہ فیصلہ حج سیزن کی بلا تعطل روانی، حجاج کی حفاظت اور مناسک کی ادائیگی کے دوران اعلیٰ ترین سطح کے نظم و نسق اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے تمام افراد سے ہدایات کی مکمل پابندی کی اپیل کی ہے … اور ساتھ تنبیہ کی ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ ادارے قانونی کارروائی کریں گے۔