ریاض ۔ 11 ڈسمبر (کے این واصف) حجاج اور عمرہ زائرین کیلئے مقدس شہروں میں تاریخی اہمیت کے حامل مقامات کی دیکھنے کے حکومت کی جانب سے مسلسل سہولتیں بہم پہنچانے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ’’غارحرا‘‘ مکہ مکرمہ میں حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کی جانب سے دنیا بھر سے آنے والے زائرین کیلئے رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔ غارحرا جو جبل النور کی چوٹی پر واقع ہے، وہاں جانے کیلئے انتظامیہ نے سیڑھیاں اور ڈھلواں راستے بنائے ہیں جن کے ذریعہ زائرین باآسانی غارحرا تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ پہاڑی کے دامن میں بنے کلچرل ڈسٹرکٹ کی انتظامیہ زائرین کا استقبال کرتی ہے۔ بعدازاں ایک پوائنٹ پر جمع کرکے انہیں غارحرا کے بارے میں مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ زائرین کے اس سفر کو آرام دہ بنانے کیلئے مختلف انتظامات کئے جاتے ہیں تاکہ ان کا یہ تاریخی سفر مشاہدات ہی نہیں اہم تاریخی و علاقائی معلومات سے بھرپور ہو۔ واضح رہیکہ غارحرا جو سطح سمندر سے تقریباً 3600 فیٹ بلندی پر واقع ہے، وہاں جانے کیلئے اب راستے کو بہتر بنادیا گیا ہے۔ حرا پہاڑ کی جوٹی سے زائرین مکہ مکرمہ کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور اس مبارک غار میں بھی جاتے ہیں جہاں وحی کے نزول کا آغاز ہوا تھا۔