حج پرمٹ کے بغیر سفر اور معاونین کے خلاف سخت اقدامات

,

   

ریاض۔وزارت داخلہ نے جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ بغیر حج پرمٹ کے مشاعر مقدسہ جانے والوں پر10 ہزارریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ خلاف ورزی دہرانے پر جرمانے کی رقم دوگنا کر دی جائے گی۔ ٹریفک پولیس کو ہدایت کردی گئی ہے کہ مکہ سے مشاعر مقد سہ جانے کے تمام راستوں کو مہر بند کردیا جائے تاکہ بغیر پرمٹ کے کوئی حج مقامات میں داخل نہ ہو سکے۔سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ حج اجازت نامہ حاصل نہ کرنے والے عازمین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر 50 ہزار ریال تک جرمانہ اور 6 ماہ تک قید کی سزا ہوگی۔ محکمے نے ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ میں کہا ہے کہ غیر قانونی عازمین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والا اگر غیر ملکی ہے تو سزا کے بعد سعودی عرب سے بیدخل کردیا جائے گا۔وہ قانون میں طے شدہ مدت تک بلیک لسٹ ہوگا اور کسی بھی ویزے پر سعودی عرب نہیں آسکے گا۔ دوسری طرف حج مقامات میں محکمہ پاسپورٹ کے سربراہ جنرل خالد بن فہاد الجعید نے کہا ہے کہ مکہ کے داخلہ راستوں پر چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں۔محکمہ پاسپورٹ کی مرکزی چوکیاں شمیسی، البہیتہ، تنعیم اور الکر میں قائم ہیں جہاں شہر مقدس داخل ہونے والوں کو چیک کیا جاتا ہے۔غیر قانونی عازمین کو مکہ مکرمہ لے جانے کی خلاف ورزی پر سزاؤں کا انطباق مرحلہ وار ہوگا، پہلے مرحلے میں 15 دن قید اور 10 ہزار جرمانہ ہوگا۔اگر خلاف ورزی دہرائی گئی تو دو ماہ قید اور ہر غیر قانونی عازم کے حساب سے 25 ہزار ریال جرمانے کی سزا ہوگی۔تیسری مرتبہ خلاف ورزی کی گئی تو 6 ماہ قید اور ہر غیر قانونی عازم کے حساب سے 50 ہزار ریال جرمانہ کی سزا دی جائے گی۔