حج کمیٹی آف انڈیا سے سیول سرویس کوچنگ کیلئے مسلم امیدواروں میں کٹوتی کا فیصلہ

   

200 سے تعداد گھٹا کر 100 کردی گئی، 37 امیدواروں کو تخلیہ کی نوٹس، مسلم تنظیموں کا احتجاج

حیدرآباد۔/23جنوری، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے مسلم امیدواروں کو ہر سال سیول سرویس امتحانات کی کوچنگ کا اہتمام کیا جاتا ہے لیکن مرکزی وزارت اقلیتی اُمور کے ایک فیصلہ نے مسلمانوں میں بے چینی پیدا کردی ہے۔ 2015 سے ہر سال 200 مسلم طلبہ کو رہائش کی سہولت کے ساتھ سیول سرویس امتحانات کی کوچنگ کا سلسلہ جاری ہے تاہم وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے جاریہ سال امیدواروں کی تعداد کو گھٹاکر 100 کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کوچنگ کیلئے اچانک 100 نشستوں کی کمی کے فیصلہ پر مسلم تنظیموں کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے۔ وزارت اقلیتی امور نے فیصلہ کیا ہے کہ صرف فریش امیدواروں کو کوچنگ دی جائے گی جبکہ امیدواروں کو دوبارہ کوچنگ کی سہولت حاصل نہیں رہے گی اور ایسے امیدواروں کو حج ہاوز کی عمارت کا تخلیہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مسلم تنظیموں نے مرکزی حکومت کے اس فیصلہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سیول سرویس میں مسلم نمائندگی میں اضافہ سے حکومت کو دلچسپی نہیں ہے۔ جہد کاروں کے ایک گروپ نے اس فیصلہ کو اقلیتوں کے حقوق میں ناانصافی قرار دیا۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر کو یادداشت روانہ کرتے ہوئے 200 طلبہ کو کوچنگ کا مطالبہ کیا گیا۔ امیدواروں کی تعداد میں کمی سے اقلیتی طلبہ کی امیدوں پر پانی پھرسکتا ہے۔ واضح رہے کہ 2009 میں صرف 50 طلبہ کے ساتھ کوچنگ کا آغاز کیا گیا تھا جبکہ 2015 میں یہ تعداد بتدریج بڑھا کر 200 کی گئی۔ امیدواروں کا انتخاب انٹرنس ٹسٹ میں نشانات اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ امیدواروں کو قیام کیلئے 15 ہزار روپئے اور غذا کیلئے 4 ہزار روپئے ڈپازٹ کرنے ہوتے ہیں جس پر سبسیڈی فراہم کی جاتی ہے۔ سیول سرویس ٹریننگ کے ماہر کسی ادارہ کی نگرانی میں کوچنگ دی جاتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ سال اکٹوبر میں نئے چیف ایگزیکیٹو آفیسر کے جائزہ لینے کے بعد امیدواروں کی غذا پر سبسیڈی کو ختم کیا گیا جس کے بعد ایک بیاچ میں صرف 50 طلبہ کی شرط رکھی گئی تاہم مسلم تنظیموں کے احتجاج پر تعداد کو 100 کیا گیا۔ جنوری میں یو پی ایس سی مین امتحان میں شرکت کیلئے داخلہ لینے والے 37 طلبہ کو تخلیہ کی ہدایت دی گئی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ہر سال 100 طلبہ کی کوچنگ کے ذریعہ فریش امیدواروں کو ترجیح دینے کا منصوبہ ہے۔ ر