حج کمیٹی کو خصوصی کوٹہ اور صدرنشین کی میعاد پانچ سال کرنے کی اپیل

,

   

ممبئی میں سنٹرل حج کمیٹی کا اجلاس،ریاستوں کو عمرہ کی ذمہ داری دینے کی خواہش،مسیح اللہ خاںاور بی شفیع اللہ کی شرکت
حیدرآباد۔25۔ ستمبر (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے جاریہ سال حج کے تجربات کی روشنی میں حج 2020 ء کے ایکشن پلان کو قطعیت دینے کے لئے ممبئی میں آل انڈیا حج کانفرنس و جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ ملک بھر کی حج کمیٹیوں کے صدور نشین اور اگزیکیٹیو آفیسرس کو اجلاس میں مدعو کیا گیا تھا۔ سعودی عرب میں ہندوستانی سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید، کونسل حج نورالرحمن شیخ اور سنٹرل حج کمیٹی کے ذمہ داروں نے تمام ریاستوں سے تجاویز حاصل کیں جس کی بنیاد پر آئندہ سال کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی ۔ تلنگانہ سے صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں اور اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ نے شرکت کی ۔ انہوں نے ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح تلنگانہ کے حجاج کرام کو پیش آئیں دشواریوں اور تکالیف کا ذکر کیا اور کہا کہ مستقبل میں اس طرح کی خامیوں کو روکنے کی کوشش کی جائے ۔ مسیح اللہ خاں نے تلنگانہ حج کمیٹی کے صدرنشین کو کم از کم 5 تا 10 عازمین حج کی روانگی کا اختیار دینے کی اپیل کی اور کہا کہ سیاسی عہدہ ہونے کے سبب مختلف گوشوں سے سفارشات ملتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی صرف ایک پوسٹ مین کی طرح کام کر رہی ہے۔ انہوں نے میڈیکل سرٹیفکٹ کیلئے سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے کسی ایک ہاسپٹل کی نشاندہی کرنے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ کینسر اور ٹی بی جیسے مریضوں کو حج کمیٹی ایرپورٹ پر روک نہیں پائے گی ۔ انہوں نے 70 سال سے زائد عمر کے افراد کے لئے 20 دن کا پیاکیج رکھنے کا مشورہ دیا ۔

اس کے علاوہ ایر انڈیا کے بجائے سعودی ایرلائینس کی خدمات فراہم کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ملک کے دیگر علاقوں سے بھی ایر انڈیا کی خدمات کے بارے میں شکایات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے حج کمیٹی کو عمرہ گروپ کی ذمہ داری دینے کی اپیل کی اور کہا کہ خانگی ٹور آپریٹرس کئی بے قاعدگیوں میں ملوث ہیں اور وہ عوام کو لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کو خانگی ٹور آپریٹرس پر کنٹرول کا اختیار دیا جائے۔ انہوں نے خادم الحجاج کا نام تبدیل کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ عام طور پر لوگ خادم کو اپنی شخصی خدمت کیلئے تصور کر رہے ہیں۔ انہوں نے خادم الحجاج کے ساتھ صدرنشین حج کمیٹی اور ایک رکن کو سعودی عرب جانے کی اجازت دینے کی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ بلڈنگ سلیکشن کمیٹی میں تلنگانہ کی نمائندگی شامل کی جائے اور پہلے مرحلہ میں تلنگانہ کا امبارگیشن پوائنٹ شامل کیا جائے کیونکہ یہاں سے پانچ ریاستوں کے عازمین روانہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے پرانے اور دور دراز کی عمارتوں کے انتخاب کی شکایات کی ۔ مسیح اللہ خاں نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم کیرالا اور دیگر ریاستوں کے افراد والینٹرس کی شکل میں حجاج کی بہتر خدمت کر رہے ہیں۔ لہذا خادم الحجاج کے سسٹم کو ختم کرتے ہوئے صرف والینٹرس کو برقرار رکھا جائے ۔ سرکاری ملازمین محض اپنی ذمہ داری کی تکمیل کو سب کچھ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے صدرنشین حج کمیٹی کی میعاد کو تین سال سے بڑھاکر پانچ سال کرنے کا مشورہ دیا۔