حج کمیٹی کے آؤٹ سورسنگ ملازمین کی تنخواہوں کی اجر ائی

   

صدرنشین محمد سلیم کی خصوصی دلچسپی

حیدرآباد ۔14۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے محکمہ فینانس سے شخصی طور پر نمائندگی کرتے ہوئے آؤٹ سورسنگ ملازمین کی تنخواہوں کی اجرائی کو یقینی بنایا ہے ۔ گزشتہ پانچ ماہ سے حج کمیٹی کے 26 آؤٹ سورسنگ ملازمین کی تنخواہیں جاری نہیں کی گئی تھیں اور حکومت کی جانب سے بجٹ مختص کرنے کے باوجود محکمہ فینانس سے اجرائی میں تاخیر کی گئی۔ 26 آؤٹ سورسنگ ملازمین کے مسائل اور دشواریوں کو دیکھتے ہوئے صدرنشین محمد سلیم نے محکمہ فینانس کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ فینانس نے زیر التواء تنخواہوں کا بجٹ 12 ستمبر کو متعلقہ آؤٹ سورسنگ ایجنسی کے اکاونٹ میں منتقل کردیا ۔ آؤٹ سورسنگ ایجنسی کی جانب سے دو ماہ کی تنخواہ ملازمین کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی گئی اور دوسرے مرحلہ میں مزید دو ماہ کی تنخواہ آؤٹ سورسنگ ایجنسی کے اکاؤنٹ میں جاری کی گئی جو ملازمین کے اکاونٹ میں جمع کی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک ماہ کی تنخواہ کی اجرائی باقی ہے جس کے لئے صدرنشین حج کمیٹی مساعی کر رہے ہیں۔ ملازمین کی تنخواہوں کی اجرائی میں خصوصی دلچسپی پر ملازمین نے صدرنشین سے اظہار تشکر کیا۔