حج کمیٹی کے 25 قافلوں کے ذریعہ3750 عازمین سعودی عرب پہنچے

   

حیدرآباد ۔15 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین کے 25 قافلوں کے ذریعہ جملہ 3750 عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ حج کمیٹی کے ذریعہ روزانہ تین قافلوں کی روانگی عمل میں آرہی ہے ۔ وستارا ایر لائینس کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ آج تین خصوصی پروازیں شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے جدہ کیلئے روانہ ہوئیں۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم ، اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ ، اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر عرفان شریف اور حج کمیٹی کے ارکان نے حج ہاؤز نامپلی سے تلبیہہ کی گونج میں عازمین حج کی بسوں کو ایرپورٹ روانہ کیا۔ اس موقع پر علمائے اکرام نے خطاب کرتے ہوئے مناسک حج و عمرہ بیان کئے۔ انہوں نے عازمین حج کو تلقین کی کہ وہ ایام حج کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنا زیادہ تر وقت عبادات اور دعاؤں میں صرف کریں۔ حج کمیٹی کے عہدیداروں نے ایرپورٹ اور قیام سعودی عرب کے دوران ضروری امور سے واقف کرایا۔ عازمین حج کو وداع کرنے کیلئے رشتہ داروں اور دوست احباب کی کثیر تعداد حج ہاؤز کے پاس موجود تھی۔ حج کیمپ میں ضروری امور کی تکمیل کی جارہی ہے اور بورڈنگ پاس حج کیمپ میں جاری کیا جارہا ہے۔ عازمین حج کے مزید تین قافلے کل 16 جون کو سعودی عرب روانہ ہوں گے ۔ر