تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے امیدواروں کا بنگلور میں انٹرویو ہوگا
حیدرآباد۔/7 فبروری، ( سیاست نیوز) مرکزی وزارت اقلیتی اُمور نے حج 2020 کیلئے عارضی خدمات کے سلسلہ میں کوآرڈینیٹرس اڈمنسٹریشن، کوآرڈینیٹرس میڈیکل، اسسٹنٹ حج آفیسرس اور حج اسسٹنٹس کی جائیدادوں کیلئے امیدواروں کے انٹرویو کا شیڈول جاری کیا ہے۔ مذکورہ عہدوں پر عارضی تقررات کئے جائیں گے اور انہیں کونسل جنرل انڈیا جدہ کے تحت خدمات انجام دینا ہوگا۔ انڈر سکریٹری حج ڈیویژن محمد ندیم نے انٹرویو کا شیڈول تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو روانہ کیا ہے۔ کرناٹک ، آندھرا پردیش اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے اسسٹنٹ حج آفیسرس اور حج اسسٹنٹس کی جائیدادوں کے امیدواروں کا انٹرویو 23 تا27 مارچ کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی، حج بھون، ہیگڈے نگر بنگلورو میں منعقد ہوگا۔ دہلی، چھتیس گڑھ، ہریانہ، ہماچل پردیش، جموں کشمیر، پنجاب ، راجستھان، اتر پردیش اور اترا کھنڈ کے امیدواروں کا انٹرویو 11 تا27 فبروری حج ڈیویژن وزارت اقلیتی اُمور، نئی دہلی میں رہے گا۔ مغربی بنگال، اوڈیشہ ، آسام ، جھارکھنڈ، بہار ، اروناچل پردیش، میگھالیہ، منی پور، میزورم، تریپورہ، سکم، ناگالینڈ اور انڈومان نکوبار کے امیدواروں کے انٹرویوز 2 تا6 مارچ مغربی بنگال حج کمیٹی، مدینۃ الحجاج ، راجر ہاٹ، نیو ٹاؤن کولکتہ میں ہوں گے۔ مہاراشٹرا، مدھیہ پردیش، گجرات، گوا اور چھتیس گڑھ کے امیدواروں کے انٹرویو 16 تا20 مارچ حج کمیٹی آف انڈیا ، حج ہاوز ممبئی میں رہیں گے۔ کیرالا ، ٹاملناڈو، لکشادیپ اور پانڈیچیری کے امیدواروں کا انٹرویو 6 تا10 اپریل کیرالا اسٹیٹ حج کمیٹی ملا پورم میں ہوگا۔تمام ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کوآرڈینیٹر اڈمنسٹریشن عہدے کے امیدواروں کے انٹرویوز 16 اپریل کو جبکہ تمام ریاستوں کے کوآرڈینیٹر میڈیکل عہدہ کے امیدواروں کے انٹرویو 17اپریل کو حج ڈیویژن وزارت اقلیتی اُمور ، آر کے پورم نئی دہلی میں ہوں گے۔ حج کمیٹی آف انڈیا اور متعلقہ ریاستی حج کمیٹیوں کو انٹرویوز کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔