حج کو سستا کہنے والے سمرتی ایرانی کی خوشنودی کیلئے کوشاں

   

عوام کے سامنے سچائی نہیں لائی جارہی ‘عازمین زائد جی ایس ٹی اور ایئرپورٹ ٹیکس ادا کرنے پر مجبور:نوشاد اعظمی

نئی دہلی: حج کمیٹی آف انڈیا کے سابق ممبر حافظ نوشاد احمد اعظمی نے گزشتہ دنوں وزارت ایک افسر کے اس بیان پر کہ اس بارحج کا کرایہ مختلف جگہوں سے محکمہ کی وزیر محترمہ اسمرتی ایرانی کی بہت محنت اور کوششوں سے حج 2024 سستا ہوگیا ہے ، دعوی کیا کہ افسران وزیر کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔حافظ نوشاد احمد اعظمی جو برسوں سے ملک کے عازمین کو سہولت دلانے کے لیے مختلف طریقوں سے اپنے رفقا کے ساتھ جدوجہد کررہے ہیں ۔انھوں نے آج 2023 اور حج 2024 کے اخراجات کا سرکولر میڈیاکو بھیجتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ بے حد افسوس کی بات ہے کہ وزارت کے افسران پوری طرح اس سلسلے میں عوام کے سامنے سچائی نہ رکھ کر وزیر کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔مسٹر اعظمی نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ لکھنو سے 21 ہزار روپیے امسال 2023 کے مقابلہ کم ہے یہی دہلی سے 14 ہزار کم ہے کلکتہ سے 17 ہزار روپیے کم ہے احمد آباد سے 40 ہزار کم ہے اوربھوپال سے 15ہزار کم ہوا ہے مگر اس کے برعکس ممبئی سے 17 ہزار روپیے زیادہ ہوگئے ہیں سری نگر سے 10 ہزار روپیے زیادہ ہوگئے ہیں حیدرآباد سے 29 ہزار اور گوہاٹی سے 26 ہزار، گیا سے 11 ہزار اندور اور کالی کٹ سے 20/20 ہزار روپیے اور بنگلور سے 40 ہزار روپیے جے پور سے 4ہزار روپیے کرایہ بڑھ گیا ہے اس طرح حیرت کی بات ہے کہ 2023 میں خود ہی ریکارڈ مہنگا کرایہ اور پورا حج مہنگا تھاجس سے پوری طرح یہ ثابت ہے کہ انتظامی امور کے ذمہ داروں نے حج 2024 کو سستا اورمثالی بنانے کے لیے کوئی سنجیدہ کوششیں نہیں کیں۔اگر وزیر محترمہ سنجیدہ ہوتیں تو فی حاجی ۱۰ ہزار روپیے سے زائد جی ایس ٹی اور ایئرپورٹ ٹیکس کو اس سفر سے مستثنی کرادیتیں جو انھوں نے نہیں کیا۔اعظمی نے دعوے کے ساتھ کہا کہ ہم نے جولائی 2023 سے ہی حج 2024 کو مثالی بنانے کے لیے وزارت کو کئی خطوط لکھے تھے جس کی حمایت میں خصوصی طور سے اترپردیش کے دانش ور اور علماؤں نے ہمارے مطالبات کی پرزور حمایت کی تھی ۔اعظمی نے کہا کہ ہم حج پر کوئی سیاست نہیں کرتے ہمارے مطالبات میں کچھ چیزیں 2024 کے لیے حکومت نے تسلیم کی ہیں جیسے محرم کوٹہ کی پانچ سو سیٹیں جوعدالت عظمیٰ نے الاٹ کی تھیں 2023 میں ختم کردی گئی تھیں 2024 میں اسے وزارت نے پھر سے بحال کیا ہے خادم الحجاج 2023 میں 446 حاجی پر ایک گئے تھے وہ بھی گورنمنٹ ملازمین تھے ہمارا یہ سخت مطالبہ تھا کہ قدیمی روایت کے تحت 150 عازمین پہ ایک خادم الحجاج بھیجا جائے اور گورنمنٹ اور سیمی گورنمنٹ دونوں کے ملازمین کو بھی شامل کیا جائے جو 2024 میں 200 عازمین پہ ایک خادم الحجاج کا انتخاب ہوا ہے۔