حج کیلئے بچوں کو لیجانے پر سعودی حکومت کی پابندی

,

   

ہندوستان سمیت 14 ممالک کے ویزا اصولوں میں تبدیلی
ریاض : سعودی عرب میں جب ہر سال فریضۂ حج ادا کیا جاتا ہے تو اس دوران کئی افراد اپنے ساتھ چھوٹے بچوں کو بھی لے جاتے ہیں۔ لیکن اب وہ ایسا نہیں کر پائیں گے کیونکہ سعودی عرب نے اس پر پابندی عائد کر دی ہے۔ سعودی عرب کی وزارت برائے حج و عمرہ نے فیصلہ لیا ہے کہ اب چھوٹے بچوں کو حج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ فیصلہ ہر سال حج کے دوران بڑھتی ہوئی بھیڑ کو پیش نظر رکھتے ہوئے لیا گیا ہے۔ بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے مقصد سے یہ قدم وزارت حج و عمرہ نے اٹھایا ہے۔سعودی عرب کے ذریعہ اپنے ویزا اصولوں میں کچھ بڑی تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں جو کہ خاص طور سے 14 ممالک کے لیے ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق حکومت سعودی عرب نے 14 ممالک کے ساتھ سیاحت، تجارت اور فیملی اسفار کیلئے ایک سال کے ملٹی پل انٹری ویزا (ایک سے زیادہ مرتبہ داخلہ کی اجازت والا ویزا) کو غیر معینہ مدت کیلئے معطل کر دیا ہے۔ اس نئے ویزا اصولوں سے ہندوستان، پاکستان، الجیریا، بنگلہ دیش، مصر، اتھوپیا، انڈونیشیا، عراق، اردن، مراقش، نائیجیریا، سوڈان، تیونیشیا اور یمن اثر انداز ہوں گے۔ نئے اصولوں کے تحت ان ممالک کے لوگ صرف سنگل انٹری ویزا کیلئے درخواست داخل کر سکتے ہیں جو کہ 30 دنوں کیلئے قابل قبول ہوگا۔قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب حج و عمرہ سے متعلق اپنے اصولوں میں تبدیلیاں کرتا رہتا ہے۔ 2024 میں سعودی عرب نے عمرہ کے دوران مسجد الحرام کے پاس ہجوم ہونے کے سبب فوٹوگرافی سے لوگوں کو بچنے کا مشورہ دیا تھا۔ وزارت نے بغیر اجازت کسی کی تصویر لینے اور زیادہ دیر تک مسجد الحرام کے پاس فوٹوگرافی کرنے سے پرہیز کرنے کو کہا تھا۔اس درمیان سعودی عرب میں حج کیلئے رجسٹریشن کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔ سعودی عرب کی حج و عمرہ وزارت کا کہنا ہے کہ 2025 میں انہی لوگوں کو ترجیح دی جائے گی جو پہلی مرتبہ حج کرنے آئے ہیں۔ بچوں پر پابندی بھی اسی وجہ سے لگائی گئی ہے کہ انھیں بھیڑ بھاڑ میں ہونے والی مشقتوں سے بچایا جاسکے۔ حج 2025 کے لیے رجسٹریشن شروع ہو چکا ہے اور سعودی عرب کے شہری اور وہاں مقیم افراد ’نسک ایپ‘ کے ذریعہ یا سرکاری آن لائن پورٹل کے ذریعہ اپنا رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ درخواست دہندہ کو اپنی جانکاری کی تصدیق کرانے کے ساتھ ہی ان کے ساتھ سفر کرنے والے کا بھی رجسٹریشن کرنا ہوگا۔