ریاض ۔سعودی وزارت حج کی جانب سے امسال حج کی ادائیگی کے لیے انتہائی محدود تعداد کی رجسٹریشن کا وقت جمعے کو ختم ہو گیا۔کامیاب امیدواروں کو بروز اتوار 12 جولائی سے اطلاعی پیغام ارسال کر دیے جائیں گے۔میڈیا نے وزارت حج کی جانب سے جاری اعلامیہ کے حوالے سے کہا ہے کہ امسال وزارت حج نے مملکت میں مقیم حج کے خواہشمند غیر ملکیوں کی رجسٹریشن کا آغاز پیر6 جولائی سے کیا تھا جو 10 جولائی تک جاری رہا۔ وزارت حج کی جانب سے انتہائی محدود تعداد میں فریضہ حج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے متعدد شرائط مقرر کی گئی ہیں جن میں اہم ترین شرط کورونا کا ٹسٹ منفی ہونے کے علاوہ مکمل صحتمند ہونا بھی شامل ہے جبکہ آخری شرط میں اس امر کا بھی اقرارکرنا ہے کہ کبھی حج نہیں کیا۔حج کی ادائیگی کیلئے عمر کی حد 20 سے 50 برس رکھی گئی ہے جبکہ ایسے افراد جو حج رجسٹریشن کے معیار پر پورے اتریں گے انہیں حج سے قبل اور بعد میں 15 دن خود کومقررہ شرائط کے مطابق قرنطینہ کرنا ہوگا۔وزارت حج نے کہا کہ امسال فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے 70 فیصد غیر ملکی جبکہ شعبہ صحت اور امن عامہ میں کورونا ہنگامی حالات کے دوران خدمات انجام دینے والے 30 فیصد وہ سعودی جو فرائض کی انجام دہی کی وجہ سے کورونا کا شکار ہو کر صحتیاب ہوئے اگر ان کی صحت اس قابل ہوئی کہ وہ حج ادا کرسکیں تو ان کا انتخاب کیاجائے گا۔واضح رہے ابھی تک امسال عازمین حج کی تعداد کے بارے میں سرکاری سطح پر حتمی اعلان نہیں ہوا بعض ذرائع نے کہا ہے کہ تعداد 10 ہزار ہوگی جبکہ بعض اطلاعات ایک ہزارکی بھی ہیں تاہم ابھی تک اس حوالے سے حتمی بات کہنا قبل ازوقت ہوگا۔یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وباکی وجہ سے جہاں پہلے ہی عمرہ پر پابندی عائد ہوچکی ہے وہیں حج 2020 پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور صرف محدود افراد اور سعودی میں مقیم بیرونی افراد کو حج کی اجازت دی گئی ہے اور اس کیلئے رجسٹریشن کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔علاوہ ازیں احتیاطی تدابیر کے طور پر گزشتہ روز ہی یہ واضح کردیا گیا ہے کعبہ اور حجر اسود کو چھونے پر بھی پابندی عاید ہے۔
شارجہ کے نائب حاکم شیخ احمد کا انتقال
شارجہ۔شارجہ کے ایوان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ میں قیام کے دوران شارجہ کے نائب سربراہ شیخ احمد بن سلطان القاسمی کا انتقال ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق ایوان حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شارجہ کے نائب سربراہ شیخ احمد بن سلطان القاسمی کے انتقال پر شارجہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی کی جانب سے رنج و ملال کا اظہار کیا گیا۔ شارجہ کی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تین دن تک قومی پرچم سر نگوں رہے گا۔ عمل درآمد شیخ احمد القاسمی کا جنازہ شارجہ پہنچنے اور تدفین سے شروع ہوگا۔شارجہ ایوان حکومت نے توجہ دلائی ہے کہ تین روزہ سوگ کے دوران ٹیلیفون کے ذریعے تعزیت وصول کی جائے گی۔ اس کی بابت تعزیت کی شروعات کب ہوگی اس کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ شارجہ کے نائب سربراہ شیخ احمد بن سلطان القاسمی شارجہ کے سابق سربراہ سلطان الثانی بن صقر القاسمی کے بیٹے تھے اور شیخ صقربن سلطان القاسمی کے سگے بھائی ہیں۔سعودی عرب کے ولی عہد نے تعزیت پیش کی اور اپنے بیان میں دکھ کا اظہار کیا ہے ۔
