حج کیلئے عازمین کو فٹنس ثابت کرنا ہوگا : وزیر حج

,

   

ریاض ۔سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح محمد بنتن نے کہا ہے کہ صحت ضوابط پر پورا اترنے والے افراد کو ہی حج کی اجازت دی جائے گی۔سعودی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح محمد بنتن نے کہا کہ حج کے لیے سیکیورٹی فورس کے عہدیداروں اورفیلڈ میں کام کرنے والے صحت عملے کو ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے شہریوں اور تعداد کا تعین صحت شرائط و ضوابط کے تحت کیا جائے گا۔ وزیرحج نے کہا تھا اس سال ہر ایک کو حج کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا ہے کہ وزارت صحت نے سفارتی مشنوں، سفارتخانوں اور ان ممالک کے حج اداروں کے ساتھ بات چیت کرکے حج کے لیے صحت ضوابط مقرر کیے ہیں۔ اس سال مختلف ممالک کے عازمین کو حج پر بھیجا جائے گا جو صحت ضوابط پر پورے اترتے ہوں۔ وزیر حج کے مطابق جہاں تک سعودیوںکا تعلق ہے ان کے زمرے متعین کردیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ترجیح وزارت صحت کے فیلڈ عملے اور امن عامہ کے ان عہدیداروں کو دی جائے گی جنہوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات نافذ کروائے۔ دوسری جانب حرمین جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ نے کہا کہ عازمین حج کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ دریں اثنا مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ امورکی جنرل پریذیڈنسی نے مشاورتی کونسل کا اجلاس کیا۔ پریذیڈنسی کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس اورکونسل کے ارکان شریک ہوئے۔ ویب سائٹ کے مطابق السدیس نے اجلاس میں کہا کہ شکر ہے کہ حالات معمول پر آرہے ہیں۔ لاک ڈاؤن ختم کردیاگیا ہے۔ حکومت نے وبا سے نمٹنے اور وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں میں آگاہی مہم قابل قدر انداز میں چلائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں صحت و سلامتی کی خاطر اپنی یومیہ سرگرمیوں اور دفاتر میں حفاظتی اقدامات کی پابندی جاری رکھنا ہوگا۔