حج کیمپ کی تیاریوں کیلئے آج محکمہ جاتی جائزہ اجلاس

   

20 سے زائد محکمہ جات کے عہدیداروں کی شرکت ، صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کا بیان

حیدرآباد۔/28مئی، ( سیاست نیوز) حج 2023 کیلئے تلنگانہ عازمین حج کی بہتر خدمات اور حج کیمپ کی تیاریوں کے سلسلہ میں کل 29 مئی کو تمام محکمہ جات پر مشتمل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم کے مطابق حج ہاوز میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں حج خدمات سے مربوط 20 محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار شرکت کریں گے۔ محکمہ جاتی کوآرڈینیشن میٹنگ میں ریاستی وزراء کے ایشور، سرینواس یادو، حکومت کے مشیر، مختلف کارپوریشنوں کے صدور نشین، ارکان اسمبلی و کونسل، میئر اور ڈپٹی میئر کو مدعو کیا گیا ہے۔ حج کیمپ میں بلاوقفہ برقی کی سربراہی اور واٹر ورکس کی جانب سے سربراہی آب کے انتظامات کے سلسلہ میں سرکاری طور پر مکتوب روانہ کئے گئے ہیں۔ 7 جون سے تلنگانہ عازمین حج کے قافلوں کا آغاز ہوگا اور روانگی سے دو دن قبل حج ہاوز میں کیمپ کا آغاز ہوگا۔ شہر اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین کو تقریباً 24 گھنٹے قبل رپورٹنگ کرنی ہوگی۔ حج کمیٹی نے محکمہ جاتی اجلاس کیلئے ایجنڈہ طئے کیا ہے۔ ریاستی حکومت کے مختلف محکمہ جات کے علاوہ ایمیگریشن، جی ایم آر، کسٹمس، سی آئی ایس ایف اور دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار شرکت کریں گے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ پولیس، فائر سرویس اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو بطور خاص مدعو کیا گیا ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ کیلئے وستارہ ایر لائنز کی خدمات کو منظوری دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایر لائنز کے پاس 150 نشستی طیاروں کے سبب روزانہ 3 فلائیٹس حیدرآباد سے جدہ کیلئے روانہ ہوں گی۔ یہ فلائیٹس مسقط میں ری فیولنگ کیلئے مختصر توقف کریں گی۔ 22 جون تک قافلوں کی روانگی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ فریضہ حج کی تکمیل کے بعد مدینہ منورہ سے 14 جولائی سے حاجیوں کی واپسی شروع ہوگی جو 29 جولائی تک جاری رہے گی۔ روزانہ 3 فلائیٹس کی روانگی اور واپسی کا منصوبہ ہے۔ اسی دوران حج ہاوز میں عازمین حج کو چیک اِن سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں عہدیداروں کی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اسی دوران حج کمیٹی آف انڈیا نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رباط سے استفادہ کرنے والے ملک بھر کے عازمین کیلئے سفری اخراجات کا تعین کیا ہے۔ تلنگانہ عازمین حج کیلئے رباط کی سہولت نہیں ہے لہذا ان کے مجموعی سفری اخراجات 305173 برقرار رہیں گے جبکہ ملک کے دیگر 19 امبارگیشن پوائنٹس میں جہاں کہیں بھی رباط کی سہولت موجود ہوگی وہاں سفری اخراجات میں کمی آئے گی۔ محمد سلیم نے کہا کہ جاریہ سال بھی عازمین حج کیلئے انتظامات مثالی رہیں گے۔ر