حج کیمپ 2023 ء کی تیاریاں عروج پر ، 5 جون سے آغاز

   

صدرنشین محمد سلیم نے انتظامات کا جائزہ لیا، کل عازمین کا مرکزی تربیتی کیمپ
حیدرآباد ۔یکم جون (سیاست نیوز) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کی روانگی کے سلسلہ میں حج ہاؤز نامپلی میں حج کیمپ کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ حج کمیٹی کے عازمین کے قافلوں کی روانگی کا 7 جون سے آغاز ہوگا جبکہ حج کیمپ کی سرگرمیاں 5 جون سے شروع ہوں گی جہاں 2 دن قبل پہلی فلائیٹ کے عازمین کو رپورٹنگ کرنی ہوگی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے حج کیمپ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایرکنڈیشنڈ کیمپ کی تیاری کے علاوہ حج ہاؤز میں صحت و صفائی کے انتظامات اور عازمین کے لئے مختص کمروںکی صفائی کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 4 جون تک حج کیمپ مکمل طور پر تیار ہوجائے گا۔ عازمین حج کے لئے کیمپ میں جو خدمات فراہم کی جائیں گی ، اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات دی گئی ہیں۔ عازمین حج کے لگیج کی اسکریننگ حج کیمپ میں ہوگی جس کا مشین منتقل کردیا گیا ہے۔ روانگی سے قبل پاسپورٹ اور بورڈنگ کارڈ حوالے کیا جائے گا۔ محمد سلیم نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ سفر حج کے دوران حکومت سعودی عرب کی پابندیوں کا خیال رکھیں اور ممنوعہ اشیاء اپنے ساتھ نہ لے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایرپورٹ پر عازمین حج کیلئے وضو اور نماز کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ محمد سلیم کے مطابق حج ہاؤز میں تربیت یافتہ والینٹرس کی خدمات دستیاب رہیں گی۔ اسی دوران چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا محمد یعقوب شیخ نے کونسل جنرل جدہ کی جانب سے موصولہ رپورٹ ریاستی حج کمیٹیوں کو روانہ کی ہے۔ عازمین حج سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ ہوٹل اور اس کے اطراف و اکناف کسی بھی سیاستداں یا مذہبی اور علاقائی جذبات پر مشتمل تصاویر اور نعرے تحریر کرنے سے گریز کریں ۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حج مشن کے دفاتر میں بھی سیاسی تصاویر اور نعرے تحریر کرنے پر پابندی رہے گی۔ اسی دوران عازمین حج کے لئے آخری تربیتی کیمپ 3 جون کو ریڈ روز گارڈن نامپلی میں منعقد ہوگا۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے اپنے ذاتی صرفہ سے کیمپ کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے۔ عازمین حج سے تربیتی کیمپ میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔ مختلف علماء اکرام عازمین سے خطاب کریں گے۔ر