ریاض۔سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح محمد بنتن نے کہا ہے کہ صحت ضوابط پر پورا اترنے والے افراد کو ہی حج کی اجازت دی جائے گی-سعودی چینل العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح محمد بنتن نے کہا کہ ’حج کے لیے سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں اورفیلڈ میں کام کرنے والے صحت عملے کو ترجیح دی جائے گی۔‘انہوں نے کہا کہ’ مختلف ممالک کے شہریوں اور تعداد کا تعین صحت شرائط و ضوابط کے تحت کیا جائے گا۔‘ وزیرحج کا کہنا تھا ’اس سال ہر ایک کو حج کی اجازت نہیں ہوگی۔‘ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ’ وزارت صحت نے سفارتی مشنوں، سفارتخانوں اور ان ممالک کے حج اداروں کے ساتھ بات چیت کرکے حج کے لیے صحت ضوابط مقرر کیے ہیں- اس سال مختلف ممالک کے عازمین کو حج پر بھیجا جائے گا جو صحت ضوابط پر پورے اترتے ہوں۔’وزیر حج کے مطابق جہاں تک سعودیوں کا تعلق ہے ان کے زمرے متعین کردیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ترجیح وزارت صحت کے فیلڈ عملے اور امن عامہ کے ان اہلکاروں کو دی جائے گی جنہوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات نافذ کرائے۔’