حج کمیٹی کے عازمین سے مولانا سید متین علی شاہ قادری اور صدرنشین کمیٹی کا خطاب
حیدرآباد 16 جون (راست) ریاست تلنگانہ حج کمیٹی سے عازمین کے قافلے جو حج ہاوز سے بس کے ذریعہ شمس آباد ایر پورٹ روانہ ہوے مولانا سید متین علی شاہ قادری خطیب عیدگاہ گنبدان قطب شاہی نے جھنڈی دکھا کر تلبیہ کی گونج میں انھیں وداع کیا۔ عازمین کی روانگی سے قبل مولانا سید متین علی شاہ قادری نے خطاب کیا اور کہا کہ قابل مبارکباد ہیں عازمین جنھیں رب نے حج جیسی عظیم عبادت کے لئے چن لیا ہے اور اس عبادت کی ادائیگی کے لئے آسانیاں بھی فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو چاہیے کہ ہر وقت توبہ و استغفار کے ساتھ دعاوں کا اہتمام کریں یہ دعایں اپنی ذات، بال بچوں والدین ، رشتہ داروں کے علاوہ ملک و عالم اسلام کے لئے ہو۔انھوں نے کہا کہ عازمین کا ایک ہی لباس میں مناسک کی ادائیگی اور عرفات و مزدلفہ و منیٰ میں قیام کرنا میدان حشر کی یاد تازہ کرواتا ہے۔۔انھوں نے کہا کہ حج کی فرضیت 9 ہجری میں ہوئی اور آپ صلی علیہ و سلم نے 10 ہجری میں صحابہ کرام کے جمع غفیر کے ساتھ حج ادا فرمایا۔ حج جو کہ ایک مسلمان کے لئے اس کی زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے بار بار حج کرنا نفل حج کہلاے گا۔ جو عازم حج کی ادائیگی میں پاکیزگی، حلال ذرائع او دلجوئی و صبر کو شامل رکھے گا تو رب اس کی عبادت کوآسان بھی کرے گا اور قبول بھی فرماے گا یہ عبادت اس کے حق میں ایسی ہوگی جیسا کہ اس نے ابھی ابھی ماں کے پیٹ سے پیدا ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حج کا یہ اجتماع مسلمانوں کو اتحاد ملی کی یاد دلواتا ہے۔اور اس عبادت کے دوران صبر و تحمل زبان پر قابو، غصہ پر ضبط کے ساتھ ایک دوسرے کی مدد و ہمدردی کا مظاہرہ کیا کریں۔ انھوں نے آداب زیارت صلی علیہ وسلم پر روشنی ڈالی اور کہا کہ عازمین کو چاہیے کہ جب شہر مدینہ پہنچیں تو اپنے آپ کو اور لباس کو پاک و صاف رکھیں خوشبو لگایں زبان پر درود و سلام ہو۔انھوں نے حضور اکرم صلی علیہ وسلم کا ارشاد نقل کیا کہ جس نے میری قبر کی زیارت کی اس نے دراصل مجھ سے ملاقات کی۔مدینہ شریف میں جب تک رہیں پاکی و صفائی کا خیال رکھیں مقامات مقدسہ کی زیارت کا اہتمام کریں۔ وہاں جو بھی دعایں مانگی جاتی قبولیت سے ہمکنار ہوتی ہے۔ جناب محمد سلیم صدر نشین حج کمیٹی تلنگانہ نے عازمین حج کو سعودی حکومت مکہ و مدینہ میں جو انتظامات کئے ہیںاس سے واقف کروایا اور کہا کہ عازمین سفر کے دوران اپنے دستاویزات و رقم کی حفاظت کریں۔ انہوں نے عازمین سے ریاست تلنگانہ کی خوشحالی و ترقی کے لئے دعاوں کی درخواست کی۔قاری سید نور محمد شاہ قادری کی قرأت کلام پاک اور نعت شریف سے پروگرام کا آغاز ہوا۔اس موقع پر محمد نظیر الدین محمد فاروق سید عرفان الحق، محمد شبیر محمد احمد حسین معزز اراکین حج کمیٹی تلنگانہ، محمد عرفان شریف اسسٹنٹ سکریٹری تلنگانہ حج کمیٹی محمد حبیب اور دوسرے موجود تھے۔