حج کی تنسیخ کیلئے آن لائن سہولت ‘عازمین کو مکمل رقم واپس کی جائیگی

   

حیدرآباد۔/9 جون، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2020 کے منتخب عازمین حج کو رقم کی ادائیگی کے سلسلہ میں آن لائن سہولت متعارف کی ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر ڈاکٹر مقصود احمد خاں نے اس سلسلہ میں تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکیولر جاری کیا ہے جس کے تحت عازمین حج آن لائن سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے حج کی منسوخی کی کارروائی پوری کرسکتے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے 5 جون کو جاری کردہ سرکیولر میں عازمین حج کو منسوخی کا فارم پُر کرتے ہوئے روانہ کرنے کی ہدایت دی تھی تاہم اس سلسلہ میں مزید سہولت دیتے ہوئے حج کمیٹی کی ویب سائیٹ پر آن لائن منسوخی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ عازمین حج سنٹرل حج کمیٹی کی ویب سائیٹ
www.hajcommittee.gov.in
اس مرحلہ کی تکمیل کرسکتے ہیں۔ حج کمیٹی نے اپنی ویب سائیٹ پر منسوخی کیلئے ایک علحدہ بلاک بنایا ہے جس کی شرائط کی تکمیل کرتے ہوئے عازمین اپنے سفر کی منسوخی کی اطلاع دے سکتے ہیں۔ حکومت سعودی عرب کی جانب سے حج 2020 کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور غالب امکان یہ ہے کہ جاریہ سال بیرونی عازمین کو حج کی اجازت نہیں رہے گی۔ لہذا حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام عازمین حج کی ادا کردہ مکمل رقم واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عازمین حج سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ آن لائن درخواست پُر کرتے ہوئے بینک تفصیلات درست طور پر پُر کریں کیونکہ بینک کی تفصیلات یا بینک کی تبدیلی سے متعلق تفصیلات کی فراہمی میں غلطی سے رقم کی واپسی میں دشواری ہوسکتی ہے۔ عازمین حج پاس بک کا پہلا صفحہ یا پھر ایک کیانسل چیک کی کاپی درخواست کے ساتھ مربوط کرسکتے ہیں۔