حج کے دوران تقریباً 13 لاکھ طبی خدمات فراہم کی گئیں

   

چار لاکھ 65 ہزار سے زیادہ حجاج کا خصوصی علاج : وزیر صحت فہد الجلاجل
ریاض : سعودی عرب کے وزیر صحت فہد الجلاجل نے کہا ہے کہ حج 2024 کے دوران حجاج کو مملکت آمد سے اب تک تقریباً 13 لاکھ طبی خدمات فراہم کی گئیں۔میڈیا کے مطابق وزیر صحت فہد الجلاجل نے حج سیزن 2024 کے دوران صحت انتظام کی کوششوں کی کامیابی کا اعلان کیا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صحت کے نظام اور حج سکیورٹی فورسز کی مربوط کوششوں سے ممکن ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ صحت کے نظام کے تحت چار لاکھ 65 ہزار سے زیادہ حجاج کو خصوصی علاج کی خدمات فراہم کیں جن میں ایک لاکھ 41 ہزار ایسے تھے جو بغیر پرمٹ حج کر رہے تھے۔ایک انٹرویو میں فہد الجلاجل نے مقدس مقامات پر شدید گرمی کے باوجود حجاج کی مجموعی صحت کی صورتحال کے بارے میں اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر صحت نے وزارت صحت کے حکام کی جانب سے فوری اقدامات کے مثبت اثرات اور گرمی کی شدت کو منظم انداز میں کم کرنے میں حج سکیورٹی فورسز کی موثر کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ سعودی نظام صحت نے اس سال گرمی سے متاثر ہونے والے افراد کی بڑی تعداد کی دیکھ بھال کی جن میں کچھ ابھی تک زیرعلاج ہیں۔وزیر صحت نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سال حج 2024 میں ایک ہزار 301 اموات ہوئی ہیں۔ ان میں 83 فیصد وہ افراد شامل ہیں جو بغیر پرمٹ کے حج کر رہے تھے۔ انہوں نے بغیر کسی مناسب شیلٹر اور آرام کے براہ راست سورج کی روشنی میں طویل فاصلے پیدل طے کیے۔