ریاض: عمومی صدارت برائے حرمین شریفین کے صدر نشین ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کل کورونا وبا کے بعد حج 2022 کے لیے دس نکاتی آپریشنل پلان کا اعلان کیا ہے۔اس موقع پر وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ، امن عامہ کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ محمد البسامی بھی موجود تھے۔ان کا کہنا تھا کہ حج کے دوران تمام ادارے ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماسٹر پلان میں عازمین حج کی صحت وسلامتی کو سب سے زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔ عازمین کے لیے المسجد الحرام کے راستوں کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ المسجد الحرام کی تیسری توسیع کے حصے کو عازمین کے لئے پوری طرح کھول دیا گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 10 نکات پر مشتمل آپریشنل پلان سے سعودی 2030 کے اسٹراٹیجک نشانے پورے کیے جائیں گے۔بیت اللہ کے طواف کے لئے مطاف کا حصہ صرف حجاج کرام کے لئے مختص ہو گا۔ بیت اللہ شریف میں داخلے کے لئے تین بڑے دروازے عازمین حج کے لئے مختص کیے گئے ہیں۔ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے بتایا کہ انتظامیہ نے عازمین حج کے لئے خدمات کو ڈیجیٹل بنانے کا بھرپور اہتمام کیا ہے۔ اس بات کو اہمیت دی گئی ہے کہ جدید ٹکنالوجی کے ذریعے عازمین کو بہتر سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ معذور افراد کے لئے 1800 الیکٹرانک وہیل چیئرز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ خطبہ حج 10 زبانوں میں نشر کیا جائے گا۔ صحت سے متعلق ڈاکٹر السدیس کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام میں روزانہ 10مرتبہ وبا سے بچاؤ کے لئے جراثم کش اسپرے کیا جا رہا ہے۔امام کعبہ کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ اللہ کے مہمانوں کو ایام حج میں بہتر سے بہتر سہولیات اور خدمات فراہم کی جائیں۔