حج کے دوران منیٰ اور عرفات میں موثر حفاظتی انتظامات

,

   

ریاض : سعودی شہری دفاع حج فورس کے کمانڈر حمود الفرج نے کہا ہے کہ عازمین حج کو ایسی کسی بھی عمارت میں ٹھہرانے کی اجازت نہیں ہوگی جہاں سلامتی کے انتظامات نہ ہوں۔ میڈیا کے مطابق مکہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمانڈر حمود الفرج نے حج سیزن میں محکمہ شہری دفاع کے انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔کمانڈر حمود الفرج نے کہا کہ حج سیزن 2023 کے دوران خطرات سے بچاؤ اور آگہی پر توجہ مرکوز ہے۔ منیٰ اور عرفات میں موثر دفاعی انتظامات کئے گئے ہیں اورتمام خیمے سلامتی کے وسائل سے آراستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری دفاع کے عہدیداروں کو متعدد تربیتی کورس کرائے گئے ہیں۔ انہیں اس بات کی تربیت دی گئی ہے کہ عازمین حج کو ہر طرح کے خطرات سے بچانے والے انتظامات پر توجہ اور خطرے کی صورت میں متاثرین کا دائرہ محدود تر کرنے کا انتظام کیا جائے۔حمود الفرج نے بتایا کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ میں شہری دفاع کے ادارے اور اہلکار حفاظتی اسکیموں، شعور بیداری پروگرام، آپریشن سسٹم اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کے پروگرام پر کام کر رہے ہیں۔اس مقصد کے لیے المشاعر آپریشن سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ اسی طرح مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں رضاکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسجد الحرام میں سکیورٹی فورس کی مدد کی جا رہی ہے جبکہ حج ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے ساتھ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے سلسلے میں حکمت عملی بھی تیار ہے۔