میدان عرفات: عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے لگاتار دوسرے سال احتیاطی تدابیر کے ساتھ حج کا رُکن اعظم وقوفِ عرفہ آج پیر کو ادا کیا گیا۔ محدود پیمانے پر منعقدہ حج کیلئے 60 ہزار مکمل ویکسینیٹڈ سعودی شہری اور رہائشی 9 ذی الحجہ کو میدانِ عرفات میں جمع ہوئے جہاں مسجد نمرہ میں شیخ بندر بن عبدالعزیز بلیلہ نے خطبۂ حج دیا ۔ اُنھوں نے کہاکہ آپس میں مساوات اور صلہ رحمی کے تعلقات قائم کرو ، اﷲ کی عبادت کرو اور والدین کے ساتھ حسن سلوک کیا کرو ۔ انھوں نے زور دیا کہ مسلمان اپنی نمازوں کی حفاظت کریں اور اپنے وعدوں کو اﷲ کی رضا کیلئے پورا کریں۔ مناسکِ حج کی ادائیگی کا سلسلہ 8 سے 12 ذی الحجہ تک جاری رہتا ہے ۔ میدان عرفات میں غروبِ آفتاب تک لازمی قیام کے بعد حجاجِ کرام مزدلفہ کیلئے روانہ ہوئے جہاں رات بھر قیام لازم ہے ۔ 10 ذی الحجہ کو عازمین مزدلفہ سے دوبارہ منٰی آئیں گے جہاں قربانی سے قبل شیطان کو کنکریاں ماریں گے ۔ منٰی سے مکہ مکرمہ پہونچ کر طواف کے بعد منٰی واپس ہوں گے ۔ 11 اور 12 ذی الحجہ کو تمام مناسک سے فارغ ہونے کے بعد عازمین ایک مرتبہ پھر مکہ مکرمہ پہونچ کر مسجد الحرام میں الوداعی طواف کریں گے۔