حج کے مقامات پر گیس سلنڈر کے استعمال پر پابندی

   

ریاض ( کے این واصف ) سعودی محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ’’ عازمین حج کے خیموں میں کسی بھی قسم اور سائز کے گیس سیلنڈر لے جانے پر پابندی ہے ۔ اس پر عمل درآمد پیر 19جون 2023ء سے ہوگیا ۔ اخبار 24کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بیان میں کہا کہ ’’ منی ، مزدلفہ اور عرفات میں سرکاری اداروں کو بھی کل سے کسی بھی سائز اور قسم کے گیس سیلنڈر رکھنے کی ممانعت ہے ۔ محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ’’ یہ پابندی حج ایام کے دوران خیموں کو ممکنہ آتشزدگی کے خطرات سے بچانے کیلئے لگائی گئی ہے ‘‘ ۔ محکمہ شہری دفاع نے متنبہ کیا کہ ’’ حجاج کے خیموں یا سرکاری اداروں میں جہاں بھی گیس سیلنڈر نظر آئے گا اسے ضبط کرلیا جائے گا ۔ شہری دفاع کی ٹیمیں اس پابندی کو یقینی بنانے کیلئے تفتیشی مہم چلائیں گی ۔ منی ،مزدلفہ اور عرفات کہیں بھی گیس سیلنڈر استعمال نہیں کرنے دیا جائے گا ۔