حیدرآباد۔5 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے حج ہاؤز سے متصل کھلی اراضی کو فنکشن ہال کیلئے لیز پر دیئے جانے کی تجویز سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ بورڈ کے اجلاس میں اس تجویز کو ایجنڈہ میں شامل کیا گیا تھا۔ ارکان نے متفقہ طور پر اس تجویز سے اختلاف کیا اور کہا کہ فنکشن ہال کو کھلی اراضی دیئے جانے کی صورت میں نہ صرف حج ہاؤز کی خوبصورتی متاثر ہوگی بلکہ حج کیمپ کے انعقاد میں دشواریاں پیش آئیں گی۔ تقریباً ایک ایکر کھلی اراضی کو فنکشن ہال کیلئے لیز پر الاٹ کرنے کی تجویز چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے ایجنڈہ میں شامل کیا تھا۔ ارکان نے کہا کہ فنکشن ہال کی تعمیر سے اقلیتی اداروں کی سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اراضی پر وسیع و عریض فنکشن ہال کی تعمیر ممکن نہیں ہے اور فنکشن ہال کیلئے پارکنگ کا انتظام کہاں پر ہوگا۔ ارکان نے کہا کہ حج ہاؤز سے متصل اس اراضی پر بورڈ کی جانب سے کامپلیکس تعمیر کیا جاسکتا ہے اور جس کے گراؤنڈ فلور اور فرسٹ فلور کو حج کیمپ کی سرگرمیوں کیلئے استعمال میں لیا جاسکتا ہے۔ ارکان کی پرزور مخالفت کے بعد ایجنڈہ میں شامل اس تجویز سے دستبرداری اختیار کرلی گئی۔ واضح رہے کہ کھلی اراضی کو حال ہی میں حج ہاؤز کے روبرو واقع فنکشن ہال کی پارکنگ کیلئے لیز پر دیا گیا ہے جس سے سالانہ دیڑھ لاکھ روپئے کا کرایہ حاصل ہورہا ہے۔