حج ہاؤز سے متصل ہمہ منزلہ کامپلکس کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت

,

   

آرکیٹکٹ اور انجینئرس کے ساتھ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا اجلاس
حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے حج ہاؤز سے متصل ہمہ منزلہ کامپلکس کے تعمیری کاموں کی تکمیل اور اسے مختلف اداروں کو الاٹ کرنے کے سلسلہ میں آرکیٹکٹ انجنیئرس اور وقف بورڈ کے ارکان کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے انجنیئرس اور آرکیٹکٹ کو ہدایت دی کہ زیر تعمیر کامپلکس کی تکمیل کے سلسلہ میں ایکشن پلان تیار کریں۔ وقف بورڈ ہمہ منزلہ کامپلکس کو جنگی خطوط پر مکمل کرتے ہوئے آمدنی میں اضافہ کیلئے مختلف خانگی اداروں کو الاٹ کرنا چاہتا ہے ۔ حکومت نے کامپلکس میں اقلیتی بہبود کے دفاتر منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ 1,12,000 مربع فٹ پر کامپلکس تعمیر کیا گیا جو گراؤنڈ پلس 7 منزلہ ہے جس میں دو سیلرس موجود ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ جلد سے جلد کامپلکس کے تعمیری کام کو مکمل کرلیا جائے گا اور سیلرس میں پانی کی نکاسی کا مستقل طورپر انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کامپلکس کی تکمیل کے بعد اسے خانگی اداروں کو الاٹ کرنے کیلئے ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں وقف بورڈ کی کئی دوسری جائیدادوں کو ترقی دینے کا منصوبہ ہے ۔ شہر کے مرکزی مقامات پر وقف اراضیات پر ہمہ منزلہ کامپلکس تعمیر کرتے ہوئے بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف اسکیمات کے آغاز کی تجویز ہے۔ اجلاس میں کنسلٹنٹ انجنیئر محمد ارشد ، آرکیٹکٹ راج کمار کے علاوہ بورڈ کے ارکان مرزا انوار بیگ ، ذاکر حسین جاوید ، ڈاکٹر نثار حسین حیدر آغا بورڈ کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر محمد قاسم اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ صدر نشین وقف بورڈ نے پروٹیکشن اور لیگل ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ جہاں کہیں بھی ناجائز قبضے ہوں پولیس میں ایف آئی آر درج کرائی جائے ۔