حیدرآباد ۔ 20 اپریل (سیاست نیوز) حج ہاؤز میں خستہ حالت میں موجود لائبریری کی صاف صفائی کرتے ہوئے دوبارہ عوام کیلئے بحال کردیا گیا ہے۔ اردو، تلگو، انگریزی زبانوں کے اخبارات دیگر رسائل رکھے گئے ہیں اور عوام کو پینے کے پانی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ حج ہاؤز میں پہلے سے لائبریری تھی، مگر اس سے عوام استفادہ نہیں کررہے تھے۔ لائبریری خستہ حالت کا شکار تھی بلکہ ردی کے گودام میں تبدیل ہوگئی تھی جس کی مکمل صاف صفائی کی گئی۔ عوام کو تمام سہولتیں فراہم کرنے کی ہرممکن کوشش کی گئی ہے۔ وہ امید کرتے ہیں عوام اس لائبریری سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ وہ جب سے صدرنشین وقف بورڈ نامزد ہوئے اور ذمہ داریاں حاصل کی ہیں تب سے اصلاحات کرنے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے، عوامی مسائل کو حل کرنے، وقف جائیدادوں کے تحفظ اور نگہداشت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور ساتھ ہی وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کرنے کے بھی اقدامات کررہے ہیں۔2