حج ہاؤز میں ہجوم کی دھکم پیل، ضعیف شخص فوت

   

پوتری اورداماد کو وداع کرنے کیلئے آئے تھے اور ’’ دنیا سے رخصت ہوگئے ‘‘

حیدرآباد۔29جولائی ( سیاست نیوز) اپنی پوتری اور داماد کو حج کیلئے وداع کرنے سے قبل ہی حج ہاؤز میں بھگدڑ اور والینٹرس کے غیر انسانی رویہ نے ایک بزرگ شخص کی جان لے لی ۔ یہ واقعہ کل رات اس وقت پیش آیا کہ حج ہاؤز میں داخلہ کی اجازت کیلئے کھڑے ہوئے مولوی محمد فیاض الدین امام مسجد محمودیہ میلور ضلع بیدر کو والینٹرس نے دیگر افراد کے ساتھ ڈھکیل دیا جس سے قبل پر شدید حملہ ہوا اور طبی امداد پہنچانے تک انتقال ہوگیا ۔ مرحوم کے فرزند اعجاز الدین نے بتایا کہ وہ والد کے ساتھ بھتیجی اور داماد کو وداع کرنے حیدرآباد پہنچے تھے ۔ شاہ پور جیڈی میٹلہ سے تعلق رکھنے والے یہ دونوں کی رات میں فلائٹ تھی ۔ مغرب سے وہ حج ہاؤز کی گیٹ کے باہر والینٹرس سے منت سماجت کررہے تھے ۔ کم از کم ضعیف والد کو چھوڑنے کی درخواست کی لیکن والینٹرس غیر اخلاقی گفتگو کررہے تھے ۔ آخر میں ایک والینٹر نے دھکا دیا جس کے ساتھ ہی والد کی طبعیت خراب ہوگئی ۔ وہ بھگدڑ اور دھکم پیل میں دب گئے اور قلب پر حملہ ہوا ۔ اعجاز الدین نے شکایت کی کہ حج ہاؤز کے میڈیکل کیمپ پر ڈاکٹر موجود نہیں تھا ، نرسنگ اسٹاف نے عثمانیہ ہاسپٹل لے جانے کا مشورہ دیا ۔ منتقلی کے لئے ایمبولنس تک فراہم نہیں کی گئی ، ذاتی جیپ میں کیر ہاسپٹل منتقل کیا گیا لیکن اس وقت تک دیر ہوچکی تھی ۔ دھکا دینے والے والینٹرس کو غائب کردیا گیا ۔ مرحوم کے فرزند نے کہا کہ حج کمیٹی کے کسی ذمہ دار نے ملاقات اور اظہار ہمدردی تک نہیں کیا ۔ محمد فیاض 35سال سے امامت کررہے تھے ۔ تدفین آج بیدر میں عمل میں آئی ۔