ممبئی : بامبے ہائی کورٹ نے سمست ہندو اگھاڑی کے لیڈر ملند ایکبوٹے کو مذہب اور سیکولر کے درمیان فرق کرنے کی تلقین کی۔ چیف جسٹس ڈی کے اپادھیائے اور جسٹس عارف ڈاکٹر نے ہندوتوا لیڈر سے کہا کہ آپ کو مذہبی سرگرمیوں او سیکولر سرگرمی میں حکومت کی شمولیت کے درمیان فرق کرنا چاہئے۔ حج ہاؤس کی تعمیر ایک سیکولر عمل ہے۔ ہائی کورٹ نے ملند سے کہاکہ حج ہاؤس کی تعمیر مذہبی سرگرمی نہیں۔ملند پونے میں حج ہاؤس کی تعمیر سے پریشان تھے جو فی الحال زیرتعمیر ہے۔ انہوں نے ہائیکورٹ میں ایک عرضی داخل کرکے حج ہاؤس کو منہدم کرنے کی درخواست کی تھی۔ عدالت نے انہیں سیکولرزم اور مذہبی سرگرمی میں فرق سے واقف کروایا۔بامبے ہائیکورٹ نے ملند کی عرضی پر سخت رخ اپناتے ہوئے کہا کہ حج ہاؤس کی تعمیر ایک سیکولر عمل ہے، یہ کوئی مذہبی سرگرمی نہیں ہے، اپنے آپ کو الجھاؤ مت۔