حج 2019ء کیلئے تلنگانہ کو 4169 عازمین کا کوٹہ الاٹ

   

12 جنوری کو 3685 نشستوں کیلئے قرعہ اندازی، زائد ویٹنگ لسٹ کا امکان

حیدرآباد۔ 5 جنوری (سیاست نیوز) حج 2019ء کے لیے تلنگانہ حج کمیٹی کو 4169 عازمین کا کوٹہ الاٹ ہوا ہے جبکہ 13388 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ مرکزی حکومت ریاستوں میں مسلم آبادی کے اعتبار سے کوٹہ الاٹ کرتی ہے۔ ملک کی تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے لیے حج کوٹہ الاٹ کردیا گیا اور اس سلسلہ میں سنٹرل حج کمیٹی نے سرکیولر جاری کیا۔ سنٹرل حج کمیٹی کو ایک لاکھ 25 ہزار کا کوٹہ الاٹ کیا گیا جبکہ خانگی ٹور آپریٹرس کے لیے 50 ہزار کا کوٹہ الاٹ ہوا ہے۔ تلنگانہ کو الاٹ کردہ 4169 عازمین کے کوٹہ میں 484 عازمین 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرے میں منتخب ہوچکے ہیں۔ اس طرح 3685 نشستوں کے لیے قرعہ اندازی ہوگی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 12 جنوری کو 11:30 بجے دن حج ہائوز نامپلی میں قرعہ اندازی ہوگی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خان اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ملک بھر میں حج درخواستوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے اور بعض ریاستوں کو الاٹ کردہ کوٹے سے کم درخواستیں موصول ہوئیں لہٰذا تلنگانہ کو ویٹنگ لسٹ کے تحت زائد نشستیں حاصل ہونے کی امید ہے۔ گزشتہ سال تلنگانہ حج کمیٹی کو 17 ہزار درخواستیں وصول ہوئی تھیں جبکہ 4066 عازمین کا کوٹہ الاٹ ہوا تھا۔ ویٹنگ لسٹ کے ساتھ جملہ 4600 عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ حج 2019ء کے لیے محض 13388 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور جاریہ سال الاٹ کردہ کوٹہ گزشتہ کے مقابلہ تقریباً 150 نشستیں زائد ہیں۔ جاریہ سال کم درخواستوں کے سبب ویٹنگ لسٹ میں زائد عازمین کو حج سعادت کا موقع حاصل ہوسکتا ہے۔ آندھراپردیش، آسام اور بہار جیسی ریاستوں میں الاٹ کردہ کوٹے سے کم درخواستیں موصول ہوئیں۔ آندھراپردیش کو 2602 نشستوں کا کوٹہ الاٹ کیا گیا جبکہ وہاں موصولہ درخواستوں کی تعداد 2138 ہے جو کوٹے سے 438 کم ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حج کمیٹی سے روانگی کی صورت میں سہولتوں کی کمی کے پیش نظر عوام خانگی ٹور آپریٹرس کے ذریعہ سفر کو ترجیح دے رہے ہیں۔ گزشتہ 2 برسوں سے سنٹرل حج کمیٹی نے کئی تبدیلیاں کی ہیں۔ گرین زمرے میں سہولتوں کی کمی کی گئی اور اس زمرے میں پکوان اور ٹرانسپورٹیشن کی سہولت نہیں رہے گی۔ اس کے علاوہ گرین زمرے کی عمارتیں بھی قدیم ہیں۔ مدینہ منورہ میں قیام کو دو علیحدہ زمروں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ گرین زمرے میں اگرچہ اخراجات زیادہ ہیں لیکن سہولتوں کے اعتبار سے کم اخراجات والا عزیزیہ زمرہ بہتر سہولتوں پر مشتمل ہے۔ جاریہ سال ملک بھر سے 2279 خواتین بغیر محرم کے روانہ ہوں گیں۔ جموں کشمیر کے لیے 2 ہزار عازمین کا خصوصی اضافی کوٹہ الاٹ کیا گیا۔ محرم زمرے میں 500 نشستیں محفوظ کی گئی ہیں۔ گورنمنٹ آف انڈیا کے کوٹے کے تحت 500 نشستیں محفوظ ہیں جن کے تحت صدر جمہوریہ، نائب صدر اور وزیراعظم نشستیں الاٹ کرسکتے ہیں۔ ملک بھر سے 625 خادم الحجاج روانہ ہوں گے۔