حج 2019ء کیلئے کوآرڈینیٹر اور اسسٹنٹ حج آفیسر کیلئے درخواستوں کی طلبی

   

24 جنوری تک آن لائین درخواستوں کی سہولت
حیدرآباد۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) مرکزی وزارت اقلیتی امور نے حج 2019ء کے دوران ہندوستانی عازمین حج کی خدمت اور رہنمائی کے لیے حج کوآرڈینیٹر، اسسٹنٹ حج آفیسر اور حج اسسٹنٹ کی عارضی طور پر تعینات کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ 24 جنوری تک اہل امیدوار سنٹرل حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر آن لائین درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ مستقل مسلم سرکاری ملازمین جن میں مرد و خاتون شامل ہیں، قونصل جنرل انڈیا جدہ کے تحت عارضی طور پر کام کریں گے۔ ان کی یہ خدمات دو تا تین ماہ کے لیے رہیں گی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ مرکزی حکومت یا ریاستی حکومت کے علاوہ عوامی شعبہ کے اداروں اور خود مختار اداروں سے تعلق رکھنے والے مستقل ملازمین درخواست دینے کے اہل ہیں۔ جبکہ پولیس، نیم فوجی فورسس اور ڈیفنس فورسس کے ملازمین خواتین درخواست دے سکتی ہیں۔ عارضی جزوقتی اور عبوری ملازمین درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔ سنٹرل حج کمیٹی کی ویب سائٹ wwww.haj.nic.in/deputation پر درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں اور متعلقہ عہدیدار مجاز کی منظوری کے ساتھ تمام درکار منسلکات کے ہمراہ 10 فبروری تک ہارڈ کاپی انڈر سکریٹری حج۔II، حج ڈیویژن، وزارت اقلیتی امور، ویسٹ بلاک ۔8، ونگ۔II فرسٹ فلور سیکٹر ون، آر کے پورم نئی ہلی 112266 پر روانہ کی جائیں۔ امیدواروں کا انٹرویو اور انتخاب وزارت اقلیتی امور کی جانب سے کیا جائے گا۔ امیدواروں کو کوئی ٹی اے ڈی اے نہیں ملے گا ان کا انتخاب قابلیت، تجربہ اور شخصی انٹرویو کی بنیاد پر ہوگا۔ پولیس، نیم فوجی فورسس میں کام کرنے والے ملازمین اور عوامی نظم و نسق میں تجربہ رکھنے والوں کو ترجیح دی جائے گی۔ تعیناتی کے لیے درخواست شرائط و ضوابط ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ امیدوار کسی سنگین مرض میں مبتلا نہ ہو۔ اگر میڈیکل سرٹیفکیٹ غلط پایا جائے تو جاری کرنے والے عہدیدار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ امیدوار کی عمر 30 تا 55 سال کے درمیان ہونی چاہئے۔ امیدواروں کو علاقائی زبان پر عبور ہو اور عربی زبان اور اکائونٹس سے واقف ہونا ضروری ہے ۔