حج 2019 ء کیلئے تلنگانہ کو مزید 114 ویٹنگ لسٹ کی منظوری

   

حیدرآباد 25 جون (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2019 ء کے لئے تلنگانہ کو مزید 114 نشستوں کی ویٹنگ لسٹ کے تحت منظوری دی ہے۔ چیف ایکزیکٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی ڈاکٹر مقصود علی خان نے اِس سلسلہ میں سرکیولر جاری کرتے ہوئے تلنگانہ حج کمیٹی کو ویٹنگ لسٹ الاٹمنٹ سے واقف کرایا۔ اِس طرح جاریہ سال تلنگانہ حج کمیٹی کے لئے ویٹنگ لسٹ 1456 سے بڑھ کر 1613 تک پہونچ چکی ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے تلنگانہ سمیت 13 ریاستوں کے لئے ویٹنگ لسٹ کو منظوری دی ہے۔ 114 ویٹنگ لسٹ کے منتخب عازمین اپنے منتخب زمرہ کی جملہ رقم 28 جون تک جمع کردیں۔ منتخب عازمین کے کور نمبر پر بینک ریفرنس نمبر جاری کیا جائے گا جس کے بعد یہ رقم سنٹرل حج کمیٹی کے ویب سائٹ پر آن لائن جمع کی جاسکتی ہے یا پھر ایس بی آئی یا یو بی آئی کی کسی بھی برانچ میں حج کمیٹی کے اکاؤنٹ میں جمع کی جاسکتی ہے۔ دونوں بینکوں کی کسی بھی برانچ میں مجموعی رقم بذریعہ چیک جمع کرنے کی سہولت موجود ہے۔ رقم کی ادائیگی کے بعد انٹرنیشنل پاسپورٹ کے کلر فوٹو، پے سلپ، میڈیکل اسکریننگ سرٹیفکٹ کے ساتھ ریاستی حج کمیٹی میں 28 جون تک داخل کردیں۔ 26 جولائی سے عازمین حج کی پروازوں کا آغاز ہوگا۔ توقع کی جارہی ہے کہ تلنگانہ کیلئے مزید ویٹنگ لسٹ کی منظوری عمل میں آئیگی۔