عازمین کیلئے بہتر انتظامات کا فیصلہ، آئندہ ماہ ٹیکہ اندازی کیمپس کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 18۔جون (سیاست نیوز) حج 2019 ء میں عازمین حج کیلئے بہتر انتظامات کو یقینی بناتے ہوئے پھر ایک مرتبہ ملک میں پہلا مقام حاصل کرنے کا تلنگانہ حج کمیٹی نے عہد کیا ہے ۔ حج کیمپ کے انعقاد کا جائزہ لینے کیلئے آج اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صدرنشین محمد مسیح اللہ خاں نے کی ۔ کمیٹی کے ارکان صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم ، رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین ، اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ آئی ایف ایس، سابق اگزیکیٹیو آفیسر ایم اے وحید، ڈاکٹر عقیل ہاشمی ، محمد عارف الدین ، ابو طلحہ ، محمد عارف احمد ، خواجہ سراج الدین ، حافظ محمد لائق کے علاوہ اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر عرفان شریف نے شرکت کی۔ اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈہ پر غور کیا گیا اور عازمین حج کیلئے موثر انتظامات کے سلسلہ میں فیصلے کئے گئے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں سے تلنگانہ کا حج کیمپ ملک میں سرفہرست ہے۔ جاریہ سال بھی نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال مرکز سے حج کوٹہ میں اضافہ ہوا ہے۔ ویٹنگ لسٹ کے تحت تقریباً 1600 نشستیں منظور کی گئیں اور مزید منظوریوں کا امکان ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف مسلمہ خانگی ٹور آپریٹرس سے رجوع ہوں ۔ بعض شکایت ملی ہیں کہ عازمین حج سے اڈوانس حاصل کرتے ہوئے 2020 کے حج کو روانہ کرنے کا تیقن دیا جارہا ہے۔ عوام کو چاہئے کہ وہ رسید پر حج 2019 درج کرائیں۔ اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ نے بتایا کہ حج کیمپ کے لئے تین علحدہ ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں جن میں حج کیمپ ، طعام کے انتظامات اور بلڈنگ مینٹننس شامل ہیں۔ جولائی کے دوسرے ہفتہ سے منتخب عازمین کیلئے ٹیکہ اندازی کیمپ منعقد کئے جائیں گے ۔ ہر اتوار کو عازمین حج کیلئے تربیتی کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عازمین کی سہولت کیلئے حج گائیڈ اردو میں شائع کی جائے گی۔ آؤٹ سورسنگ ملازمین کے اعزازیہ کو منظوری دی گئی ہے۔ حج کمیٹی کی قدیم ناکارہ گاڑی کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حج کمیٹی کا اکاؤنٹ کارپوریشن بینک میں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا کیونکہ بینک نے کمیٹی کے ملازمین کو لائیف انشورنس اسکیم کا تیقن دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض آؤٹ سورسنگ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کی تجویز زیر بحث رہی جس پر اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ نے کہا کہ اس مسئلہ پر حکومت کی پالیسی اور سرکاری اصولوں اور قواعد کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ حج کمیٹی کے جملہ ملازمین کی تعداد 42 ہے جن میں 18 مستقل ملازمین ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے 7 جولائی کو سدی پیٹ میں حج تربیتی کیمپ منعقد کیا جائے گا ۔
