حج 2019 ء کے لیے تلنگانہ سے فلائیٹ شیڈول کو قطعیت

   

Ferty9 Clinic

ایر انڈیا سے 8,000 سے زائد عازمین کی پرواز،آندھراپردیش کے علاوہ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے عازمین شامل
حیدرآباد ۔ 26۔جون (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے تلنگانہ کے لئے حج 2019 ء کا فلائیٹ شیڈول جاری کردیا ہے۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے 22 قافلوں کے ذریعہ 8,270 عازمین حج ایر انڈیا کی پروازوں سے سفر مقدس کے لئے روانہ ہوں گے۔ ابتداء میں 26 جولائی تا 4 اگست 22 فلائیٹس کے شیڈول کا منصوبہ تھا ۔ تاہم لمحہ آخر میں ایک فلائیٹ کا اضافہ کردیا گیا۔ حج قافلوں کی روانگی کا آغاز 18 جولائی سے ہوگا اور پہلے قافلہ کی روانگی کے بعد 8 دن کا وقفہ رہے گا ۔ سنٹرل حج کمیٹی کے شیڈول کے مطابق پہلا قافلہ جو 28 جولائی کو صبح 7.20 بجے حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے روانہ ہوگا ، وہ راست مدینہ منورہ پہنچے گا اور اس کی واپسی 31 اگست کو جدہ سے ہوگی۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے حج کیمپ کا 24 جولائی کو باقاعدہ آغاز ہوگا ۔ تاہم حج کمیٹی 18 جولائی کے عازمین کیلئے بھی ایرپورٹ پر انتظامات کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلے قافلہ میں مہاراشٹرا اور کرناٹک کے عازمین شامل رہیں گے ۔ 26 جولائی تا 4 اگست کی فلائیٹس میں تین علحدہ گنجائش کے طیارے شامل رہیں گے ۔ 420 ، 340 اور 250 عازمین کی گنجائش والے طیاروں کا ایرانڈیا استعمال کرے گا۔ 26 جولائی اور 3 اگست کو روزانہ دو دو قافلے روانہ ہوں گے ۔ 27 جولائی کو تین ، 28 جولائی کو چار ، 29 جولائی کو چار ، 30 جولائی کو تین ، 31 جولائی کو ایک ، یکم اور 2 اگست کو ایک ایک ، 3 اگست کو دو اور 4 اگست کو آخری ایک قافلہ روانہ ہوگا۔ حجاج کرام کی واپسی کا 7 ستمبر سے آغاز ہوگا اور 15 ستمبر کو آخری قافلہ حیدرآباد واپس ہوگا ۔ یہ تمام قافلے مدینہ منورہ سے واپس ہوں گے ۔ ایر انڈیا نے حج کمیٹی حکام کو بہتر انتظامات کا یقین دلایا ہے ۔

خاص طور پر فلائیٹ میں حلال غذا فراہم کرنے سے اتفاق کیا گیا ۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے زیادہ تر سعودی ایر لائینس کی خدمات حاصل رہی ہیں، لہذا عازمین حج کو ایر انڈیا کی خدمات کے بارے میں مختلف اندیشے پائے جاتے ہیں۔ حیدرآباد سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے تمام عازمین حج کے علاوہ مہاراشٹرا اور کرنا ٹک کے چند اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے تاحال 6687 عازمین کی روانگی کنفرم ہوچکی ہے جن میں ریاستی کوٹہ کے تحت 4169 ، ایڈیشنل کوٹہ 821 ، ویٹنگ لسٹ 1613 ، حکومت ہند کا کوٹہ 34 اور محرم کوٹہ کے 27 ، خادم الحجاج 23 شامل ہیں ۔ آندھراپردیش میں انٹرنیشنل سہولتوں سے آراستہ ایرپورٹ کی عدم موجودگی کے باعث جاریہ سال بھی عازمین حج کی روانگی حیدر آباد سے عمل میں آئے گی ۔ آندھراپردیش حکومت نے وجئے واڑہ کو امبارگیشن پوائنٹ کے طور پر شامل کرنے مرکز سے نمائندگی کی ہے۔ آندھراپردیش حج کمیٹی کو یقین ہے کہ مرکزی حکومت حج 220 کے لئے آندھراپردیش میں امبارگیشن پوائنٹ کو منظوری دے گی۔