حج 2019 کیمپ، 16 جولائی کو پہلے قافلہ کے عازمین کی حج ہاؤز آمد

   

ایک ہفتہ بعد 26 جولائی سے 22 پروازیں، ایس ایم ایس کے ذریعہ عازمین کو سفر کے پروگرام کی تفصیلات
حیدرآباد۔/12 جولائی،( سیاست نیوز) حج 2019 کیمپ کی تیاریاں تقریباً مکمل کرلی گئی ہیں۔ 16 جولائی کو کرناٹک کے420 عازمین حج ہاوز پہنچ جائیں گے جن کی روانگی 18 جولائی کی شام 7بجکر 15 منٹ پر ہوگی۔ اس طرح حج ہاوز میں حج کیمپ کی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔ جاریہ سال حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ کیلئے ایر انڈیا کی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے فلائیٹس کے شیڈول میں تلنگانہ کیلئے 18 جولائی کو پہلی فلائیٹ رکھی ہے جبکہ باقی فلائیٹس کا ایک ہفتہ بعد یعنی 26 جولائی سے آغاز ہوگا۔ کرناٹک سے تعلق رکھنے والے 420 عازمین کی حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے راست مدینہ منورہ کو روانگی عمل میں آئے گی۔ ان عازمین کے قیام اور طعام کی ذمہ داری تلنگانہ حج کمیٹی کی رہے گی۔ 16 جولائی کو یہ عازمین حج کیمپ میں رپورٹنگ کریں گے اور 18 جولائی کی شام انہیں خصوصی بسوں کے ذریعہ شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل روانہ کیا جائے گا۔ عازمین حج کے لگیج، فارن کرنسی اور دیگر ضروری سرکاری اُمور کی تکمیل حج کیمپ میں انجام دی جائے گی جس کے لئے مختلف محکمہ جات کے خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے جارہے ہیں۔ لگیج کی اسکریننگ کیلئے ایک مشین کا استعمال کیا جائے گا جبکہ 26 جولائی سے قافلوں کی روانگی کے آغاز کے موقع پر 2 اسکریننگ مشینس استعمال کرنے کی تجویز ہے۔صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں اور ایکزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ ( آئی ایف ایس ) کیمپ کے انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ شفیع اللہ نے بتایا کہ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے 8 ہزار سے زائد عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی جن میں تلنگانہ کے عازمین کی تعداد 4500 سے زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 جولائی تا 4 اگسٹ 22 قافلے روانہ ہوں گے۔ حج ٹرمنل کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے پیر کے دن عہدیدار شمس آباد ایرپورٹ کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو سفر کی تفصیلات سے متعلق سنٹرل حج کمیٹی سے ٹیلیفونک مسیج کی روانگی کا آغاز ہوچکا ہے جس میں فلائیٹ نمبر اور روانگی کا وقت دیا جائے گا۔ اندرون دو یوم تمام عازمین کو روانگی کا شیڈول مل جائے گا اور فلائیٹ کی روانگی سے 24 گھنٹے قبل عازمین حج کو اپنے سفر کو کنفرم کرنا ہوگا۔ آن لائن کنفرم کرنے کی صورت میں عازمین صرف 10 گھنٹے قبل حج کیمپ پہنچ سکتے ہیں جبکہ کنفرم نہ کرنے والے عازمین کو 24 گھنٹے قبل حج ہاوز پہنچنا ہوگا۔ بی شفیع اللہ نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت عازمین حج کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے بارے میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ کو نقائص سے پاک کرنے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔ بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے تمام احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ میں تمام محکمہ جات کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جاچکا ہے۔ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے عازمین کے 22 قافلوں کی واپسی کا 6 ستمبر سے آغاز ہوگا اور یہ قافلے مدینہ منورہ سے واپس ہوں گے۔ آخری قافلہ 15 ستمبر کو حیدرآباد واپس ہوگا۔