حج 2020ء پر دستخط کئے گئے جدہ میں وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی کی پریس کانفرنس

   

عارف قریشی
انڈین قونصلیٹ جنرل آفس جدہ کے کانفرنس ہال میں یکم ڈسمبر کو ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں صحافیوں کو بتایا گیا کہ ہندوستان کا ایک اعلیٰ سطح ڈیلیگیشن ہندوستانی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی کی قیادت میں جدہ پہونچا۔ پریس کانفرنس میں ہندوستانی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کہا کہ 2019ء حج کامیاب اور پرسکون رہا۔ کسی قسم کے حادثہ کی رپورٹ نہیں ملی۔ انشاء اللہ 2020ء کا حج بھی کامیاب رہے گا۔
وزیر اقلیتی اُمور نے کہاکہ ہم نے آج سعودی عرب کے وزیر حج اور عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر سے ملاقات کی اور ہندوستانی حجاج کرام کے حج 2020ء کے معاہدہ پر دستخط کئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ انہوں نے سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ کے علاوہ دوسرے اعلیٰ عہدیداروں سے بھی ملاقات کی اور ہندوستانی حجاج کرام کی رہائش ٹرانسپورٹیشن، ایرلائینس اور میڈیکل پر تفصیلی گفتگو کی۔
وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ امسال ہندوستان کے 22 امبارگیشنس سے حجاج کرام مقدس شہر مکہ مکہ اور مدینہ منورہ حج کی سعادت حاصل کرنے آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حج 2018ء میں ای مسیحا میڈیکل اسسٹنٹس، سسٹم فار انڈین حاجیز کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جو کامیاب رہا اور حجاج کرام نے بھی پسند کیا۔ 2020ء کے حج میں بھی مسیحا کو جاری رکھا جائے گا۔
وزیر موصوف نے مزید کہا کہ حج 2019ء جیسے ہی مکمل ہوا، ہم نے اس کے دوسرے دن سے ہی حج 2020ء کے ایکشن پلان پر کام کرنا شروع کردیا تھا۔ مختار عباس نقوی نے کہا کہ میں اپنی جانب سے اور ہندوستانی حکومت اور ہندوستانی عوام کی جانب سے سعودی عرب اور خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولیعہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے ہندوستانی حجاج کرام کیلئے شہر میں انتظامات کئے جس کی وجہ سے ہمارے ہندوستانی حجاج کرام سکون و آرام سے حج کا مقدس فریضہ ادا کرسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سعودی عرب کی جانب سے سعودی عرب میں برسرروزگار ہندوستانیوں کو بھی ہر قسم کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں جس کا میں شکریہ ادا کرتا ہوں۔ لہذا موصوف نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 2020ء میں ہندوستان سے 2 لاکھ حجاج کرام حج کی سعادت حاصل کرنے مقدس شہر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ آئیں گے۔ ان تمام حجاج کرام کی ساری درخواستیں آن لائن ہم کو وصول ہورہی ہیں۔ تمام حجاج کرام کو ہندوستان ہی میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش کے متعلق ساری معلومات فراہم کی جائیں گی اور ہر حاجی کو انڈیا ہی میں سم کارڈ دیا جائے گا۔ اس سال موبائیل ایپ سے موبائیل فون سم کارڈ کو مربوط کیا جائے گا جس سے حجاج کرام کو بڑی سہولت ہوگی۔
وزیر موصوف نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس سال ہم نے سارے ہندوستانی حجاج کرام کو ڈیجیٹل کے ذریعہ خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ وزیر موصوف نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیئے اور کہا کہ آپ کے سوالات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا اور بہتر طریقے سے اس کو حل کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس میں سفیر ہند ڈاکٹر اوصاف سعید، قونصل جنرل ہند محمد نور رحمن شیخ اور قونصل حج صابر یو مکھائی بام میں موجود تھے۔