حیدرآباد۔22 جنوری (سیاست نیوز) حج 2020ء کے لیے سرکاری کوٹہ کے تحت 500 نشستیں الاٹ کی گئی ہیںجو ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور دیگر شخصیات کی سفارش کی بنیاد پر منظور کی جائیں گی۔ حکومت ہند کی جانب سے 2022ء تک طے کی گئی حج پالیسی کے مطابق حکومت کے اختیاری کوٹے کے تحت 500 نشستیں رکھی گئی ہیں۔ ان میں حج کمیٹی آف انڈیا کے لیے 200 نشستیں مختص کی گئیں جو صدرنشین حج کمیٹی، نائب صدرنشین اور ارکان کی سفارش پر جاری کی جائیں گی۔ دیگر 300 نشستوں میں صدر جمہوریہ 100، وزیراعظم 75، نائب صدر جمہوریہ 75 اور وزیر اقلیتی امور کو 50 نشستوں اور سفارش کا اختیار دیا گیا ہے۔ سرکاری کوٹے کے تحت صرف ایسے عازمین کے ناموں کی سفارش کی جاسکتی ہے جو قرعہ میں شامل تھے لیکن منتخب نہیں ہوسکے۔ عازمین حج سادہ کاغذ پر درخواست کے ساتھ ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور دیگر شخصیتوں کے سفارشی مکتوب حج کمیٹی آف انڈیا کو روانہ کئے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ صدرنشین حج کمیٹی، نائب صدرنشین اور ارکان کو بھی اختیاری کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔