حج 2020ء کے ٹرینرس کیلئے دو روزہ تربیتی پروگرام

   

حیدرآباد۔ 31 جنوری (سیاست نیوز) حج 2020ء کے لیے حج کمیٹی آف انڈیا نے ٹرینرس ٹریننگ پروگرام کے انعقاد کا شیڈول جاری کیا ہے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر مقصود احمد خان نے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو اطلاع دی ہے کہ 16 اور 17 فروری کو ممبئی میں ریاستوں کے حج ٹرینرس کے لیے دو روزہ پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔ ریاستی حج کمیٹیوں کی جانب سے منتخب کئے جانے والے ٹرینرس کو ایام حج کے دوران عازمین حج کی بہتر سے بہتر خدمت کے سلسلہ میں تربیت دی جائے گی۔ ٹریننگ کی تکمیل کے بعد یہ ٹرینرس اپنے متعلقہ ریاستوں میں عازمین کے لیے تربیتی پروگرام منعقد کریں گے۔ ٹرینرس کے لیے حج کمیٹی آف انڈیا نے درخواستیں طلب کی تھیں اور کل درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ تھی۔ متعلقہ حج کمیٹیوں کی جانب سے 7 فروری تک ٹرینرس کے سلیکشن کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ 16 اور 17 فروری کو ممبئی میں دو روزہ ٹریننگ کے بعد فروری کے چوتھے ہفتے میں ریاستی حج کمیٹیاں ضلع واری سطح پر تربیتی پروتراموں کو قطعیت دیں گے۔ مارچ کے پہلے ہفتے میں ضلع واری پروگراموں کا اعلان کیا جائے گا جبکہ مارچ کے دوسرے ہفتے میں حج کمیٹیاں ہر ٹرینر کو منتخب عازمین حج کی فہرست ان کے حدود اور ذمہ داریوں سے واقف کرائیں گے۔ منتخب عازمین کے لیے ضلعی سطح پر تربیتی پروگراموں کا مارچ کے تیسرے ہفتے سے آغاز ہوگا۔ حج کمیٹی آف انڈیا کو ریاستی حج کمیٹیوں کی جانب سے 15 جون تک تربیتی کلاسس کے بارے میں رپورٹ روانہ کی جائے گی۔ ممبئی میں ٹریننگ کیلئے ٹرینرس کو حج ہائوز میں رہائش کا انتظام کیا جائے گا اور تری ٹائر اے سی ریلوے یا بس کرایہ کے علاوہ 500 روپئے اعزازیہ ادا کیا جائے گا۔