حج 2020:تلنگانہ سے 4341 عازمین حج کا انتخاب

   

حج ہاوز میں قرعہ اندازی، منتخب عازمین کیلئے ابتدائی اقساط کے شیڈول کا اعلان

حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) حج 2020 کیلئے تلنگانہ کے3869 عازمین حج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی اعانت سے آج آن لائن قرعہ اندازی کی گئی۔ تلنگانہ کیلئے جاریہ سال 4341 کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ۔ 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ میں 464 اور بغیر مَحرم کے محفوظ زمرہ میں 8 درخواستوں کو قرعہ اندازی کے بغیر منتخب قرار دینے کے بعد 3869 نشستوں کیلئے قرعہ اندازی کی گئی۔ اسپیشل چیف سکریٹری اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ اجئے مشرا ( آئی اے ایس ) نے بٹن دبا کر قرعہ اندازی کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ایکزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی بی شفیع اللہ، صدر نشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں، صدر نشین اقلیتی کمیشن محمد قمر الدین، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم، مقامی کارپوریٹر شریمتی ممتا گپتا اور حج کمیٹی آف انڈیا اور ریاستی حج کمیٹی کے ارکان موجود تھے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو حج 2020 کیلئے جملہ 10752 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں عام زمرہ کے تحت 10280 درخواستیں داخل کی گئیں۔ 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ میں 464 اور بغیر مَحرم خواتین کے محفوظ زمرہ میں 8 درخواستیں داخل ہوئیں۔ 23 شیرخوار بھی درخواست گذاروں میں شامل ہیں۔ دونوں محفوظ زمرہ جات کے تحت 472 عازمین کو قرعہ اندازی کے بغیر منتخب کرلیا گیا ہے۔ ہر ضلع میں آبادی کے اعتبار سے حج کوٹہ الاٹ کیا گیا۔ قرعہ اندازی میں درخواستوں کے اعتبار سے سب سے زیادہ عازمین حیدرآباد سے منتخب ہوئے جن کی تعداد 1840 ہے۔ اس کے علاوہ دیگر اضلاع میں عام اور محفوظ زمرہ جات کے تحت منتخب کئے گئے عازمین میں عادل آباد 81 ، کتہ گوڑم 58 ، جگتیال 76 ، جنگاؤں 8 ، گدوال 53 ، کاماریڈی 91، کریم نگر 79، کھمم80 ، آصف آباد 40، محبوب نگر 156 ، محبوب آباد 4 ، منچریال 32 ، میدک 50 ، میڑچل 220 ، ناگرکرنول 34 ، نلگنڈہ 111 ، نرمل 95 ، نظام آباد 285 ، پدا پلی 45 ، سرسلہ 2 ، رنگاریڈی 296 ، سنگاریڈی 241 ، سدی پیٹ 37 ، سوریا پیٹ 43 ، وقارآباد 132، ونپرتی 42 ، ورنگل ( رورل ) 4 ، ورنگل ( اربن ) 81 اور بھونگیر سے 25 عازمین منتخب قرار دیئے گئے ہیں۔ جئے شنکر بھوپال پلی ضلع سے ایک بھی درخواست موصول نہیں ہوئی لہذا اس ضلع کا کوٹہ صفر رہا۔ ایکزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی بی شفیع اللہ نے بتایا کہ حج 2019 میں تلنگانہ کیلئے 4169 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا جبکہ درخواستوں کی تعداد13368 تھی۔ ویٹنگ لسٹ کے بشمول جملہ 5284 حجاج کرام نے فریضہ حج کی تکمیل کی۔ جاریہ سال درخواستوں کی تعداد گزشتہ سے کم رہی تاہم حج کوٹہ میں معمولی اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں 4453 جبکہ 2017 میںتلنگانہ کے 3488 حجاج کرام نے فریضہ حج کی تکمیل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ منتخب عازمین حج کیلئے ابتدائی دو اقساط کی ادائیگی کے شیڈول کا اعلان کیا گیا ہے۔ عزیزیہ اور گرین دونوں زمرہ جات کے منتخب عازمین کو 15 فبروری سے قبل 81000 روپئے جبکہ 15 مارچ سے قبل ایک لاکھ 20 ہزار روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ فبروری سے عازمین حج کے تربیتی پروگراموں کا آغاز ہوگا۔