حج 2020 ء ایکشن پلان کا اعلان

,

   

۔15 اکٹوبر سے درخواستوں کی وصولی‘ ڈسمبر میں قرعہ اندازی
حیدرآباد ۔ یکم اکٹوبر (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2020 ء کے ایکشن پلان مسودہ کو قطعیت دے دی ہے۔ جس کے تحت 15 اکٹوبر تا 5 ڈسمبر ریاستی حج کمیٹیوں کی جانب سے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹیڈاکٹر مقصود احمد خان نے تمام ریاستی کمیٹیوں کو ایکشن پلان کا مسودہ روانہ کیا ہے۔ 4 اکٹوبر کو قونصل جنرل جدہ حج کمیٹی اور وزارت اقلیتی اُمور کا مشترکہ جائزہ اجلاس ہوگا۔ جاریہ سال 10 اکٹوبر کو حج کمیٹی آف انڈیا منصوبہ کا اعلامیہ جاری کریگی۔ نومبر تا جنوری بلڈنگ سلیکشن ٹیمیں و بلڈنگ سلیکشن کمیٹیاں سعودی عرب کا دورہ کریں گی۔ سعودی عرب سے معاہدہ کو قطعیت دینے حکومت ہند کا وفد ڈسمبر میں سعودی عرب کا دورہ کرے گا۔ جاریہ سال ڈسمبر کے دوسرے ہفتے میں قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ مدینہ منورہ میں رہائش کے انتظامات کے سلسلہ میں حج کمیٹی کا وفد ڈسمبر میں دورہ کرے گا۔ اُسی ماہ قونصل جنرل جدہ کو رہائش کے سلسلہ میں درکار ضرورت سے واقف کرایا جائے گا۔ منتخب عازمین سے ڈسمبر کے آخری ہفتے میں حج مصارف کی پہلی قسط وصول کی جائے گی۔ جنوری 2020 ء میں حج ٹرینرس کے لئے ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ ریاستی حج کمیٹیوں کو 31 ڈسمبر تک ویکسینیشن سربراہ کیا جائے گا اور 15 جنوری تا 31 جنوری 2020 ء منتخب عازمین حج کے لئے ٹیکہ اندازی کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔