حج 2020 ء پر وزارت اقلیتی اُمور و حج کمیٹی عہدیداروں کا جائزہ

   

حج منسوخی کی صورت میں رقم کی واپسی، منتخب عازمین آئندہ سال کیلئے قابل غور
حیدرآباد 18 اپریل (سیاست نیوز) حج 2020 کے سلسلہ میں مرکزی وزارت اقلیتی اُمور اور حج کمیٹی آف انڈیا کے عہدیداروں کا ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ اجلاس منعقد ہوا۔ جوائنٹ سکریٹری وزارت اقلیتی اُمور مس نگار فاطمہ، ڈائرکٹر حج نظام الدین، چیف ایکزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا ڈاکٹر مسعود احمد خان اور ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو آفیسر فضل صدیقی نے ٹیلی اجلاس میں شرکت کی۔ سعودی عرب اور ہندوستان میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے حج 2020 ء کے امکانات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سعودی عرب کے حکام نے رمضان المبارک کے بعد حج 2020 ء کے انعقاد کے سلسلہ میں اپنے فیصلہ سے آگاہ کرنے کی اطلاع دی ہے۔ جوائنٹ سکریٹری وزارت اقلیتی اُمور نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے سبب معاشی دشواریوں کا شکار کئی عازمین حج سفر منسوخ کرنا چاہتے ہیں اور وہ ادا کی گئی اقساط کی رقم کی واپسی کے خواہاں ہیں۔ ایسے عازمین کو ریاستی حج کمیٹیوں کے ذریعہ منسوخی کے فارم داخل کرنے ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آن لائن منسوخی یا ای میل اور واٹس ایپ پر منسوخی کی کارروائی جلد از جلد مکمل کی جائے گی۔ اجلاس میں اِس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ جاریہ سال ہندوستانی عازمین حج کو اجازت نہیں دی گئی تو کیا منتخب عازمین آئندہ سال حج کے لئے غور کئے جائیں گے۔ ایسے عازمین جو آئندہ سال حج ادائیگی کے خواہاں ہیں اُنھیں رقم واپس کی جائے گی تاہم حج کمیٹی اپنے پاس 5 تا 10 ہزار روپئے محفوظ رکھے گی۔ عازمین کی جانب سے ادا کی گئی مکمل رقم بشمول ایک ہزار روپئے منسوخی چارجس کی واپسی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ یہ تمام اُمور حج کمیٹی آف انڈیا کے ارکان کے روبرو پیش کئے جائیں گے اور عنقریب حج کمیٹی آف انڈیا کا اجلاس ملک میں لاک ڈاؤن کے سبب ممکن نہیں ہے۔ حج کمیٹی کے ارکان سے مذکورہ بالا اُمور پر رائے طلب کی گئی ہے جو ای میل، واٹس ایپ، ایس ایم ایس یا فون پر دی جاسکتی ہے۔ قطعی فیصلہ کئے جانے کے بعد عازمین حج کو ویب سائٹ، ایس ایم ایس اور واٹس ایپ سے اطلاع دی جائے گی۔