حج 2020 منسوخ، ملک سے عازمین نہیں جائیں گے

,

   

رقم کی اندرون ایک ماہ اکاؤنٹ میں واپسی، ریاستی حج کمیٹیوں سے پاسپورٹس حاصل کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔ حکومت سعودی عرب کی جانب سے حج 2020 کی صرف مقامی افراد کے ذریعہ انجام دہی اور بیرونی عازمین پر پابندی کے فیصلہ کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام منتخب عازمین حج کی رقم واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حج کمیٹی کی جانب سے منتخب عازمین کو مسیج روانہ کیا گیا جس میں اطلاع دی گئی ہے کہ حج 2020 کیلئے داخل کی گئی درخواستیں منسوخ قرار پاتی ہیں۔ عازمین کی جانب سے جمع کی گئی رقم اندرون ایک ماہ ان کے اکاؤنٹ میں واپس جمع کردی جائے گی۔ حج کمیٹی نے کہا کہ عازمین کو کینسولیشن فارم پُر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ عازمین اپنے پاسپورٹس ریاستی حج کمیٹیوں سے حاصل کرسکتے ہیں۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی ریاستی حج کمیٹیوں نے اپنے اپنے منتخب عازمین کو پیامات روانہ کرتے ہوئے رقم کی واپسی اور پاسپورٹ حاصل کرنے کی اطلاع دی ہے۔ اسی دوران مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے کہا کہ حکومت سعودی عرب کے فیصلہ کا احترام کرتے ہوئے ہندوستان سے مسلمان حج کیلئے سعودی عرب نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حج 2020 کیلئے 2300 سے زائد خواتین نے مَحرم کے بغیر زمرہ میں درخواست داخل کی ہے ان خواتین کی درخواستیں حج 2021 کیلئے قبول کرتے ہوئے انہیں حج پر جانے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2021 کیلئے نئی خاتون درخواست گذاروں کو بھی روانہ کیا جائے گا جو بغیر مَحرم کے زمرہ میں درخواستیں داخل کریں گی۔ مختار عباس نقوی نے بتایا کہ سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ہز ایکسلنسی ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر کی جانب سے فون کال وصول ہوا جس میں ہندوستانی عازمین حج کو کورونا وباء کے پیش نظر روانہ نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ساری دنیا کورونا وباء کا سامنا کررہی ہے اور سعودی عرب بھی اس سے متاثر ہے۔ سعودی حکومت کے فیصلہ کا احترام کرکے مرکز نے حج کیلئے عازمین کو سعودی عرب روانہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حج 2020 کیلئے 2 لاکھ 13ہزار درخواستیں داخل کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ رقم کی واپسی کا عمل فوری شروع کیا جائے گا اور جمع کردہ رقم میں کوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔ یہ رقم آن لائن DBT موڈ طریقہ کار سے بینک اکاؤنٹ میں جمع کردی جائے گی۔ 2 لاکھ حجاج کرام نے 2019 میں فریضہ حج ادا کیا تھا۔ ان میں 50 فیصد خواتین تھیں۔3040 خواتین نے 2018 میں مَحرم کے بغیر زمرہ میں فریضہ حج کی تکمیل کی۔