حج 2020 میں خدمات انجام دینے کیلئے سرکاری ملازمین سے درخواستوں کی طلبی

   

حج کوآرڈینیٹر ، اسسٹنٹ حج آفیسرکی خدمات، آن لائن درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 20ڈسمبر
حیدرآباد۔/21 نومبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزارت اقلیتی اُمور نے حج 2020 میں اسسٹنٹ حج آفیسر اور حج اسسٹنٹ برائے کونسل جنرل جدہ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کیلئے مرکزی و ریاستی حکومتوں، مرکزی زیر انتظام علاقے، پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگس اور خود مختار اداروں کے مستقل ملازمین سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ اس سلسلہ میں انڈر سکریٹری حکومت ہند محمد ندیم نے اعلامیہ جاری کیا۔ عارضی نوعیت کی ان خدمات کیلئے ڈیپوٹیشن پر کونسل جنرل آف انڈیا جدہ سعودی عرب کے تحت مامور کیا جائے گا۔ حج 2020 میں عازمین حج کی خدمات کے سلسلہ میں اسسٹنٹ حج آفیسرس، حج اسسٹنٹ اور کوآرڈینیٹرس کا تقرر کیا جاتا ہے۔ ان عہدوں پر خاتون امیدواروں سے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں جن کا تعلق پولیس ، پیرا ملٹری فورس اور ڈیفنس فورسیس سے ہو۔ عارضی اور پارٹ ٹائم خدمات انجام دینے والے ملازمین اس کیلئے اہل نہیں ہوں گے۔ جون 2020 تا اگسٹ 2020 کے درمیان 2 تا3 ماہ کیلئے ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا جائے گا۔ درخواست گذار ویب سائیٹ www.haj.nic.in/deputation پر آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ درخواستوں کی ہارڈ کاپی انڈر سکریٹری حج II ، حج ڈیویژن ، وزارت اقلیتی اُمور، سیکٹر I ، آر کے پورم نئی دہلی 1100066 پر روانہ کریں۔ امیدواروں کا انتخاب وزارت اقلیتی اُمور کی جانب سے انٹرویو کی بنیاد پر کیا جائے گا جس کی اطلاع اہل امیدواروں کو دی جائے گی۔ انٹرویو میں شرکت کیلئے ٹی اے، ڈی اے اور کوئی الاؤنس نہیں دیا جائے گا۔ تجربہ، قابلیت اور شخصی انٹرویو کی بنیاد پر انتخاب عمل میں آئے گا۔ مرکزی حکومت، پولیس اور پیرا ملٹری سرویسیس میں خدمات انجام دینے والے افراد یا پبلک اڈمنسٹریشن میں تجربہ رکھنے والوں کو ترجیح دی جائے گی۔ امیدواروں کے انتخاب کے سلسلہ میں وزارت اقلیتی اُمور کا فیصلہ قطعی ہوگا۔ آن لائن درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 20 ڈسمبر مقرر کی گئی ہے جبکہ ہارڈ کاپی 5 جنوری سے قبل وزارت اقلیتی اُمور کو مل جانی چاہیئے۔ امیدوار کی عمر 30 تا55 سال کے درمیان ہو۔ گزشتہ دو برسوں کے حج میں کونسل جنرل ہندوستان برائے جدہ کیلئے خدمات انجام دینے والے یا 3 یا اس سے زائد مرتبہ خدمات انجام دینے والوں کی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔ کوآرڈینیٹر حج کیلئے مرکزی حکومت کے ڈپٹی سکریٹری رتبہ کے عہدیدار کا ہونا ضروری ہے جسے کم از کم چار سالہ تجربہ ہو۔ انڈر سکریٹری پانچ سالہ تجربہ کے ساتھ ہونا چاہیئے۔ اسسٹنٹ حج آفیسرس کیلئے انڈر سکریٹری اور حج اسسٹنٹ کیلئے اسسٹنٹ سیکشن آفیسر رتبہ کے عہدیداروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ دیگر شرائط و ضوابط وزارت اقلیتی اُمور کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔