حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2020 کیلئے آن لائن درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 5 ڈسمبر تک توسیع کی ہے۔ ڈاکٹر مقصود احمد خاں چیف ایکزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا نے آج اس سلسلہ میں تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکیولر جاری کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے سے طئے شدہ پروگرام کے مطابق آن لائن درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 10 نومبر مقرر کی گئی تھی تاہم مختلف ریاستی حج کمیٹیوں کی نمائندگی پر تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے 5 ڈسمبر آخری تاریخ مقرر کی گئی۔ 5 ڈسمبر 2019 سے قبل جاری کردہ اور 20 جنوری 2021 تک کارکرد مشین سے پڑھے جانے والے انٹر نیشنل پاسپورٹ کے حامل افراد آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ تمام ریاستوں میں حج 2020 کیلئے بہت کم درخواستیں داخل کی گئیں جس کے نتیجہ میں ریاستی حج کمیٹیوں نے تاریخ میں توسیع کی درخواست کی تھی۔