10 نومبر آخری تاریخ ، ڈسمبر میں قرعہ اندازی کا امکان، موبائیل ایپ سے درخواستوں کے ادخال کی سہولت
حیدرآباد۔/8 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حج 2020 کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا نے10 اکٹوبر سے آن لائن درخواستوں کی وصولی کا اعلان کیا ہے۔ درخواست گذار ملک بھر میں 10 نومبر تک درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ تمام درخواستیں صرف آن لائن داخل کی جائیں گی اور کاغذی درخواستوں کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔ مرکزی وزارت اقلیتی اُمور اور سعودی عرب میں ہندوستانی حج مشن نے مشترکہ طور پر ریاستی حج کمیٹیوں سے مشاورت کے بعد حج 2020 کے منصوبہ کا اعلا ن کیا ہے۔ توقع ہے کہ ڈسمبر کے دوسرے یا تیسرے ہفتہ میں قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین حج کا انتخاب کیا جائے گا۔حکومت نے جاریہ سال تمام عازمین کو ای ۔ ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کیا اور درخواست فارم موبائیل ایپ کے ذریعہ بھی داخل کئے جاسکتے ہیں۔ ملک بھر میں 21 امبارگیشن پوائنٹس سے عازمین حج کے قافلے روانہ ہوتے ہیں تاہم حج 2020 کیلئے وجئے واڑہ میں امبارگیشن پوائنٹ کا آغاز کیا جارہا ہے جس کے سبب یہ تعداد بڑھ کر 22 ہوجائے گی۔ آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد سے پہلی مرتبہ آندھرا پردیش کو امبارگیشن پوائنٹ الاٹ کیا گیا جبکہ گزشتہ پانچ برسوں سے آندھرا پردیش کے عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہورہے تھے۔ امبارگیشن پوائنٹ کیلئے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کامیاب مساعی کی ۔ وجئے واڑہ میں امبارگیشن پوائنٹ کے قیام سے حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ کے بوجھ میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔ حیدرآباد سے آندھرا پردیش کے علاوہ کرناٹک، مہاراشٹرا، اور ٹاملناڈو کے بعض اضلاع کے عازمین روانہ ہورہے تھے اب تلنگانہ کے علاوہ کرناٹک کے عازمین کی روانگی حیدرآباد سے عمل میں آسکتی ہے جبکہ ٹاملناڈو کے کے عازمین کو امکان ہے کہ وجئے واڑہ سے روانہ کیا جائے گا جو کہ ٹاملناڈو سے قریب ہے۔ حج 2019 میں ہندوستان سے 2 لاکھ حجاج کرام نے فریضہ حج کی تکمیل کی ۔ آن لائن درخواستوں کے ادخال کیلئے درخواست گذاروں کو ریاستی حج کمیٹیوں کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہے وہ ادائیگی کی رسید اور پاسپورٹ کی کاپی راست طور پر اَپ لوڈ کرسکتے ہیں۔ آن لائن درخواستوں کے ادخال میں جن کو دشواری ہو وہ ریاستی حج کمیٹی یا رضاکارانہ تنظیموں کی مدد حاصل کرسکتے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائیٹ پر فارم دستیاب ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے ریاستی حج کمیٹیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عازمین کی سہولت کیلئے ای ۔ سویدھا سنٹرس قائم کریں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے ممبئی میں حج انفارمیشن سنٹر قائم کیا ہے جہاں کال سنٹر کی طرز پر عوام کے سوالات کا جواب دیا جائے گا۔ خودکار سسٹم کے ذریعہ یہ کام کرے گا۔ انفارمیشن سنٹرپر فون نمبر 022-22107070 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی ہر سال کی طرح اس سال بھی درخواست گذاروں کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن سنٹرس قائم کرے گی جہاں درخواستوں کے آن لائن ادخال میں مدد کی جائے گی۔ وجئے واڑہ میں آندھرا پردیش کیلئے امبارگیشن پوائنٹ کے قیام سے حج کیمپ کے ایام میں کمی واقع ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت حج ہاوز میں عازمین حج کیلئے کیمپ قائم کرنے کے بجائے انہیں حج ٹرمنل راست طور پر رجوع ہونے کی ہدایت دے سکتی ہے۔ شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل کی توسیع کا کام جاری ہے۔ عازمین حج کے راست ایر پورٹ پہنچنے کی صورت میں وہ 8 تا12 گھنٹے قبل حج ہاوز میں رپورٹنگ کی زحمت سے بچ جائیں گے۔ انہیں انٹر نیشنل فلائیٹ کے اعتبار سے راست طور پر حج ٹرمنل رپورٹنگ کرنی ہوگی۔