تلنگانہ حج کمیٹی کا اجلاس، حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ ملک میں سرفہرست
حیدرآباد ۔25۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کا اجلاس آج حیدرآباد میں منعقد ہوا جس میں حج 2020 کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ کمیٹی نے عازمین حج کے تربیتی کیمپس مختلف فنکشن ہالس میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ عازمین کے لئے تمام بنیادی سہولتیں دستیاب رہیں۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین مسیح اللہ خاں نے بتایا کہ گزشتہ سال حج کیمپ کے انتظامات میں جو کوتاہیاں رہ گئی تھیں ان ازالہ کرتے ہوئے جاریہ سال مزید بہتر انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں حیدرآباد گزشتہ کئی برسوں سے نمبر ون پوزیشن حاصل کر رہا ہے ۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ انتظامات کے سلسلہ میں دیگر مراکز سے آگے ہے۔ حج کیمپ کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے ارکان نے اپنی رائے دی۔ مسیح اللہ خاں نے کہا کہ بہتر سہولتوں سے آراستہ فنکشن ہالس میں حج تربیتی کیمپس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ عازمین حج کو کمیٹی کی جانب سے ہینڈ کیری بیاگس فراہم کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ حج کمیٹی کے آؤٹ سورسنگ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں بعض ارکان نے تجویز پیش کی۔ اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ آئی ایف ایس نے واضح کیا کہ قواعد کے اعتبار سے آؤٹ سورسنگ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ کرنا یا انہیں عارضی ملازم کی حیثیت سے شامل کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت کو فیصلہ کا اختیار ہے۔ ارکان نے تجویز پیش کی کہ کمیٹی کی رائے سے حکومت کو واقف کرایا جائے کہ آؤٹ سورسنگ ملازمین کو عارضی ملازمین کا درجہ دیا جائے ۔ اس سلسلہ میں حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی کمیٹی کیلئے قابل قبول رہے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے حج کمیٹی کو دو کروڑ روپئے جاری کئے ہیں جس میں سے ایک کروڑ روپئے اردو اکیڈیمی کو واپس کردیئے گئے جو گزشتہ سال حج کیمپ کے انتظامات کیلئے حاصل کئے گئے تھے ۔ اجلاس میں عازمین حج کو بہتر سہولتوں کے سلسلہ میں کئی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ خادم الحجاج کے انتخاب کے سلسلہ میں طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا ۔ اجلاس میں رکن کونسل محمد فاروق حسین، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کے علاوہ کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی ۔