’’حفاظت کے ساتھ عبادت‘‘کا عزم،روانگی کے صرف 10مراکز ،کئی شرائط کا اطلاق : مختار عباس نقوی
ممبئی: مرکزی وزیر اقلیتی امور و حج مختار عباس نقوی نے آج حج2021 ء کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے۔ “حفاظت کے ساتھ عبادت” کے نعرے کے ساتھ اس کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس بار سعودی عرب کی حکومت کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کیا جائے گا ، اس کا مقصد اپنی اور پوری دنیا کی صحت وسلامتی کا بھی خیال رکھنا ہے ،جبکہ روانگی اور واپسی کے مراکز میں احتیاطی طور پر کمی کردی گئی ہے ۔اب صرف 10 ہوائی اڈوں کا استعمال کیا جائے گاورنہ ماضی میں 21 مقامات سے عازمین کی روانگی عمل میں آتی تھی۔ اس سال وجے واڑہ کا اضافی ممکن تھا۔لیکن کورونا وباء کے سب کمی گئی ہے ۔ممبئی میں حج کمیٹی آف انڈیا کے صدر دفتر میں حج 2021 ء کے درخواست فارم اور کمیٹی کی ہدایات کا اجراء اور یونین پبلک سروس کمیشن کے پریلم امتحانات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کی تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مختار عباس نقوی نے مزید کہاکہ امکان ہے کہ اس بار عازمین حج کی تعداد میں کمی ہو اور ایک عازم حج کو سعودی عرب آمد کے بعدکئی گھنٹے کورنٹائن میں رکھا جائے جبکہ رہائش گاہ میں مکینو ں کی تعداد بھی کم کی گئی ہے ۔بغیر محرم جانے والی خواتین کے لیے بھی شرائط شامل ہوں گی جبکہ عازمین کی عمر کے بارے میں بھی سعودی حکومت کی ہدایات پر عمل ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ دیگر شرائط کے علاوہ سفر کیلئے 65 سال کی حد مقرر کی گئی ہے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ کورونا وائرس وباء کے باعث حج 2021ء ہوگا بھی یا نہیں۔ اس ضمن میں سعودی حکومت کی جانب سے قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ جن 10 مقامات سے عازمین کی امکانی روانگی عمل میں آئے گی، ان میں احمد آباد، بنگلورو، کوچین ، دہلی، گواہاٹی، حیدرآباد، کولکتہ ، لکھنؤ ، ممبئی اور سرینگر شامل ہیں۔ کورونا وباء کے باعث عازمین کی عمر کو 18 سے 65 سال کے درمیان رکھا گیا ہے۔ ہر عازم کو سعودی عرب روانگی سے قبل نگیٹیو RT-PCR ٹسٹ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔